عمران خان کی جلد بازی نے حکومت کو اور مضبوط کیا، نثار احمد کھوڑو

عمران خان کی جلد بازی نے حکومت کو اور مضبوط کیا، نثار احمد کھوڑو

لاہور( نمائندہ خصوصی ) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان مشرف کے لوکل باڈیز کے اختیارات چاہتی ہے،عمران خان کی جلد بازی نے حکومت کو اور مضبوط کیا اسلام آباد کو بند کرنے کا اعلان کر کے خود کو بنی گالا میں بند کر لیا،90ء کی دہائی کی سیاست کی عادت نواز شریف کو ہے،تیری پگ نو ں لگ گیا داغ جاگ پنجابی جاگ کا نعرہ نواز شریف نے لگایا تھا ۔وہ بلاول ہاؤس لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی جماعت کا تصور بھٹو نے ڈالا جو عوام کو منظم کرنے کا طریقہ ہے ۔جو پیپلز پارٹی کو چھوڑ گئے وہ سیاست میں وہ ناکام ہوئے لیکن پارٹی آج بھی قائم و دائم ہے ۔ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اورہم نے ہمیشہ جمہوریت کی ہی بات کی ہے ۔2018ء کے انتخابات میں عوام جس کو ووٹ دیں گے اس کو حکومت کرنے کا اختیار ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں عوام ہی فیصلے کرتے ہیں ،کئی آمروں نے ہمیں کالعدم قرار دیا لیکن کوئی آمر مقبول ہونے کادعویٰ نہیں کر سکتا کیونکہ پیپلز پارٹی نے خو دکو عوامی امنگوں کے مطابق منوایا۔پیپلز پارٹی کی حکومت نے 65 سالہ تاریخ میں پہلی بار جمہوری وقت پورا کیا اور پر امن انتقال اقتدار ہوا ۔عوام نے آصف علی زرداری کے موقف کے خلاف جانے والوں کو مسترد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جلد بازی نے حکومت کو اور مضبوط کیا ۔ عمران خان کی ہر چیز ناکام ہے۔پہلے دھرنا دیا اور اس میں اسمبلیوں پر لعنت بھیجی اور دوبارہ چلے بھی گئے ،دوسری دفعہ رائے ونڈ جانے کا اعلان کر کے نہیں گئے اورجاتی امراء سے دور رصرف جلسہ کر کے واپس آ گئے ،اسلام آباد کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا لیکن اسلام آباد بند کرنے کی بجائے خود کو بنی گالہ میں بند کر لیا جبکہ کارکنوں کو مار کھانے کے لئے چھوڑ دیا گیا۔

نثار احمد کھوڑو

مزید : علاقائی