کراچی ،ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں کیخلاف وال چاکنگ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں کے خلاف وال چاکنگ کی گئی ہے ،جس میں ندیم نصرت ،واسع جلیل ،قاسم علی رضا اور مصطفی عزیز آبادی سے واپس پاکستان آنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے شہر کے مختلف علاقوں میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں اور ارکان قومی اسمبلی کے خلاف وال چاکنگ کا سلسلہ جاری تھا ،جس میں ان سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔تاہم جمعرات کو نئی صورت حال دیکھنے میں آئی ہے اور مختلف علاقوں میں ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں ندیم نصرت ،واسع جلیل ،قاسم علی رضا اور مصطفی عزیز آباد ی کے خلاف وال چاکنگ کردی گئی ہے ۔جانثاران بانی قائد ایم کیو ایم کے نام سے کی گئی وال چاکنگ میں ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں سے وطن واپس آنے کا مطالبہ کیا گیا ہے جبکہ ’’جو ملک کا غدار ہے ،وہ مہاجر قوم کا غدار ہے ‘‘ کہ نعرے بھی تحریر کیے گئے ہیں ۔