پی آئی اے کا صلالہ کیلئے پروازوں کا آغاز

پی آئی اے کا صلالہ کیلئے پروازوں کا آغاز

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پی آئی اے نے جمعرات سے عمان کے شہر صلالہ کیلئے پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔ پہلی پرواز PK235 لاہور سے دوپہر 12.30 پر روانہ ہوئی۔ صلالہ کے لئے ہفتہ وار 2 پروازیں جمعرات اور اتوار کے روز لاہور سے براہ راست روانہ ہوا کریں گی۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے پہلے ہی مسقط کیلئے پروازیں چلا رہی ہے ،ان 2 نئی ہفتہ وار پروازوں کے اضافہ سے پی آئی اے کے مسافروں کو براہ راست سفر کی سہولت میسر آئے گی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔ اس موقع پر پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برنڈ ہلڈن برانڈ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے اپنے طیاروں میں اضافہ کر کے منافع بخش روٹس اور خاص طور پر ان مقامات کیلئے پروازیں چلا رہی ہے جہاں پر پاکستانی تارکین وطن مقیم ہیں۔ لاہور ائر پورٹ سے پی آئی اے کے سینئر حکام نے افتتاحی پرواز کے مسافروں کو الوداع کیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر