ہمیشہ بالکل مفت میں میکڈونلڈز کھانے کا طریقہ
نیویارک (نیوز ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ فوڈ کمپنی میکڈونلڈز کے کھانے دنیا بھر میں مقبول ہیں۔ لوگوں کی بڑی تعداد کثیر رقم خرچ کرکے ان کھانوں سے لطف اندوز ہوتی ہے، مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر آپ میکڈونلڈز کا ”میک گولڈ کارڈ“ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں تو عمر بھر کے لئے میکڈونلڈز کے کھانے مفت کھا سکتے ہیں۔
اخبار ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق جن خوش قسمت لوگوں کے پاس یہ کارڈ ہوتا ہے وہ منتخب ممالک میں عمر بھر کے لئے جبکہ دیگر ممالک میں کئی سال کے لئے میکڈونلڈ کے کھانے مفت میں کھاسکتے ہیں۔ میک گولڈ کارڈ کا حصول بڑی حد تک آپ کی خوش قسمتی پرمنحصر ہے۔ عموماً یہ کارڈ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کوئی شاندار کارنامہ سرانجام دینے والوں کو جاری کیا جاتا ہے۔ میکڈونلڈز کے مستقل گاہک بھی کبھی کبھار اس کارڈ کے حق دار قرار پاتے ہیں۔
دنیا کا مہنگا ترین ایک لاکھ تیس ہزار روپے کا ایک کباب، کہاں ملتا ہے اور کس کے گوشت سے بنایا جاتا ہے؟ ایسی تفصیلات کہ آپ چکرا کر رہ جائیں گے
بین الاقوامی شہرت یافتہ کاروباری شخصیت وارن بفے، مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور دیگر ایسی شخصیات کا کہنا ہے کہ ان کے پاس میک گولڈ کارڈ ہے، لیکن بہت سے عام اور غیر معروف لوگ بھی یہ کارڈ حاصل کر چکے ہیں۔ چارلس رامسے نامی ایک شخص کو اپنا بگ میک برگر چھوڑ کر اس کی رقم تین مفلوک الحال خواتین کی مدد کے لئے عطیہ کرنے پر یہ کارڈ دے دیا گیا۔ وہ اپنی مقامی ریاست اوہائیو میں عمر بھر کے لئے اور دیگر جگہوں پر ایک سال کے لئے میکڈونلڈز کا کھانا مفت کھاسکتے ہیں۔ اسی طرح مسلسل چھ سال تک میکڈونلڈ کا کھانا باقاعدگی سے منگوانے والی خاتون نادین بام کو بھی میک گولڈ کارڈ جاری کرکے عمر بھر کے لئے میکڈونلڈز کے مفت کھانوں کا تحفہ دیا گیا۔ یہ کارڈ کسی بھی ملک کے کسی بھی شہری کو جاری ہوسکتا ہے البتہ برطانیہ میں اسے متعارف نہیں کروایا گیا، اور کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کا کوئی امکان بھی نہیں۔