دنیا کے وہ خوبصورت ترین مقامات جہاں نوبیاہتا پاکستانی شادی شدہ جوڑے ہنی مون منانے بغیر ویزہ کے جاسکتے ہیں

دنیا کے وہ خوبصورت ترین مقامات جہاں نوبیاہتا پاکستانی شادی شدہ جوڑے ہنی مون ...
دنیا کے وہ خوبصورت ترین مقامات جہاں نوبیاہتا پاکستانی شادی شدہ جوڑے ہنی مون منانے بغیر ویزہ کے جاسکتے ہیں

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی پاسپورٹ کے ساتھ بیرون ملک سفر کوئی آسان بات نہیں ہے کیونکہ بدقسمتی سے ہمارے پاسپورٹ کو دنیا بھر میں دوسرا بدترین پاسپورٹ قرار دیا جاچکا ہے۔ اگرچہ یہ صورتحال خوش کن نہیں لیکن اس کے باوجود اچھی خبر یہ ہے کہ بہت سے ایسے خوبصورت مقامات ہیں جہاں اب بھی پاکستانی شہری پیشگی ویزہ حاصل کئے بغیر جاسکتے ہیں۔ ویب سائٹ مینگو باز کی ایک رپورٹ میں ایسے درجن بھر مقامات کا ذکر کیا گیا ہے۔ یہ تمام مقامات اپنی خوبصورتی اور قدرتی حسن کے وجہ سے دنیا بھر کے سیاحوں میں مقبول ہیں۔

1۔ کابو وردے

یہ خوبصورت تفریحی جزیرہ ہے جہاں آپ کو پہاڑوں، ساحلوں اور دلکش دیہاتوں کے نظارے دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔ یہاں پاکستانی شہریوں کیلئے ویزہ آن ارائیول کی سہولت دستیاب ہے۔ ویزے کی قیمت 5ہزار روپے ہے۔

2ڈومینیکا

یہاں جانے کے لئے بھی آپ کو ویزہ درکار نہیں ہے۔ جنگلات اور خوبصورت پہاڑوں کی یہ سرزمین بہت سے دیگر تفریحی مقامات کی نسبت بہت سستی بھی ہے۔

3۔ مالدیپ

اس ملک میں بھی پاکستانی شہریوں کو ویزہ آن ارائیول دیا جاتا ہے۔ ویزے کی قیمت 10500 روپے ہے۔ مالدیپ اپنے خوبصورت ساحلوں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔

4۔ نیپال

اس ملک میں بھی پاکستانی شہریوں کو ویزہ آن ارائیول دستیاب ہوتا ہے، جس کی قیمت 2600 روپے ہے۔ یہ ہمالیہ کے بلند پہاڑوں میں واقع ایک خوبصورت ملک ہے جہاں دنیا بھر سے سیاح آتے ہیں۔

5۔ مڈغاسکر

مڈغاسکر میں ویزہ آن ارائیول 3000 روپے میں دستیاب ہے۔ یہ جگہ اپنے جنگلوں، صحراﺅں اور خصوصاً جانوروں کی نایاب نسلوں کی وجہ سے مشہور ہے۔

6۔سینٹ ونٹسنٹ اینڈ گرینا ڈائنز

یہ خوبصورت ساحلوں اور قدرتی حسن سے مالا مال جزائر ہیں جہاں جانے کے لئے ویزے کی ضرورت نہیں ہے۔ کریبین سمندر کے وسط میں واقع یہ جزائر نیلے پانیوں کے سمندروں اور متعدد تفریحی مقامات کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔

7۔تیمور لیسٹ

اس جگہ ویزہ آن ارائیول 3000 روپے میں مل سکتا ہے۔ یہ ایشیا میں واقع ایک خوبصورت ملک ہے جہاں پہاڑوں اور ساحلوں پر متعدد خوبصورت تفریحی مقامات دستیاب ہیں۔

8۔ نکراگوا

اس ملک کیلئے بھی پاکستانی شہریوں کو ویزے کی ضرورت نہیں۔ یہاں پہنچنے پر آپ کو 1000روپے میں ایک سیاحتی کارڈ حاصل کرنا ہوتا ہے۔ یہاں کے آتش فشانی پہاڑ اور قدیم تاریخی عمارات خصوصی دلچسپی کی حامل ہیں۔

9۔ گنی بساﺅ

یہاں ویزہ آن ارائیول 7600 روپے میں دستیاب ہے۔ گنی بساﺅ کا روایتی کلچر اور رسوم و رواج خاص طور پر سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہیں۔

10۔ ٹرینی ڈاڈ اینڈ ٹوبیگو

یہاں آنے والے سیاحوں کو بھی پیشگی ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ تمر کے جنگلات اور بلند پہاڑ یہاں کے خوبصورت سیاحتی مقامات ہیں۔

11۔ وانو آتو

اس ملک کے لئے بھی آپ کو ویزے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ بحرالکاہل میں واقع ایک خوبصورت جزیرہ ہے جہاں روایتی ثقافت اور جدید زندگی کے خوبصورت مناظر کا حسین امتزاج نظر آتا ہے۔

مزید : ڈیلی بائیٹس