ہمارا دشمن، ہمارے دشمن کی گود میں بیٹھا ہے، ہم نے سینے پر گولی کھائی لیکن پیٹھ نہیں دکھائی: ناصر جنجوعہ
لاہور (ویب ڈیسک) قومی سلامتی کے مشیر جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ بھارت کو آخر کار مذاکرات کی میز پر آنا پڑے گا، یہی اس کے مفاد میں ہے اور دونوں ممالک کے درمیان بیک ڈور رابطوں کی تصدیق کردی ۔ ان کاکہناتھاکہ ہمیں معلوم ہے ہمارا دشمن، ہمارے دشمن کی گود میں بیٹھا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ ہمیں جیتنا ہے، یہ دشمن کو پتہ ہے، بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت بنیادی ایشوز پر بات کرنے کے لئے تیار ہیں۔
دنیا نیوز کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں بد ترین انسانی حقوق کی خلاف وزری کی دنیا میں مثال نہیں ملتی، کشمیریوں کی قتل وغارت بھارت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ایک سوال کے جواب میں مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ ہمارے افسروں اور جوانوں نے سینے پر گولی کھائی لیکن پیٹھ نہیں دکھائی۔ افغان سر زمین ہمارے خلاف استعمال ہو رہی ہے جس کے شواہد موجود ہیں۔ ہمارے سارے علاقے کلیئر ہیں، دہشتگرد سرحد پار سے آتے ہیں۔ افغان انتظامیہ کی اپنی سر زمین پر رٹ موجود نہیں ہے۔ ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے افغانستان میں امن اور استحکام کی بات کر رہے ہیں۔ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی جنگ میں اصل ضرورت قومی اتحاد اور یکجہتی کی ہے۔ پاکستان اندرونی انتشار اور خلفشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔