بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے مسلم لیگ ن میں دوبارہ شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ،4 دسمبر کو نواز شریف سے ملاقات میں اعلان کریں گے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )ملک کےسینئر ترین سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے ،لیگی رہنماﺅں راجہ ظفر الحق اور خواجہ سعد رفیق نے جاوید ہاشمی کی پارٹی میں شمولیت کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے ۔
نجی نیوز چینل ’’ دنیا نیوز ‘‘ کےمطابق تحریک انصاف کو خیر آباد کہنے اورپھر گوشہ نشینی اختیار کرنے والے ملک کے مشہور اور بزرگ ترین سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی 4 دسمبر کو لاہور میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات میں مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا باقاعدہ اعلان کریں گے ،اس سلسلے میں مخدوم جاوید ہاشمی نے اپنے قریبی ساتھیوں سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔دوسری طرف وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے مخدوم جاوید ہاشمی کے دوبارہ مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاوید ہاشمی پرانے ساتھی ہیں ،ان کے ایک مرتبہ پھر ساتھ ملنے پر خوش ہوئی ہے ۔مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجہ ظفر الحق نے کہا کہ جمہوریت کے لیے جدو جہد میں جاوید ہاشمی کا نمایاں کردار تھا ،ہے اور رہے گا ۔
اس سے قبل مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی جد و جہد میں نواز شریف کا ساتھ دینا ضروری ہے ، جبکہ گذشتہ ماہ 12نومبر کو ملتان میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا تھا کہ میں بنیادی طورپر مسلم لیگی ہوں اور مجھے مسلم لیگ میں جانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔دوسری طرف نجی ٹی وی چینل ’’ابتک نیوز ‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ جاویدہاشمی حلقہ این اے ایک سو پچاس سے(ن) لیگ کی ٹکٹ کےخواہاں ہیں، جو ملاقات کے روز نواز شریف کے سامنے رکھا جائے گا۔واضح رہے کہ سال دوہزار تیرہ کے عام انتخابات میں اس حلقہ سے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے ستانوے ہزار ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی تھی۔نواز شریف اور جاوید ہاشمی 4دسمبر کو جاتی عمرا لاہور میں سابق وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے جہاںوہ باقاعدہ طور پر مسلم لیگ نون میں شامل ہونے کا اعلان کریں گے۔یاد رہے کہ جاوید ہاشمی نے ن لیگ کی پالیسیوں پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن 2014میں تحریک انصاف کے دھرنے کے بعد جاوید ہاشمی نے عمران خان پر سنگین نوعیت کے الزام لگاتے ہوئے تحریک انصاف کو بھی خیر باد کہہ دیا تھا ۔
ڈیلی پاکستان کا یو ٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کے لیے یہاں کلک کریں