پاکستان کے سلمان صوفی کو خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کیلئے جدوجہد پر عالمی اعزا ز کیلئے نامز د کر لیا گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کے سلمان صوفی کو دنیا کی ان 5شخصیات میں شامل کر لیا گیاہے جنہوں نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کیلئے کام کیا جو کہ پاکستان کیلئے ایک انتہائی فخر کی بات ہے ۔
تفصیلات کے مطابق واٹل وائسز گلوبل پارٹنر شپ کی جانب سے سالیڈیرٹی ایوارڈ 2017 کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کے سٹریٹیجک ریفارمز یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل سلمان صوفی کو نامز د کیا گیا ۔ یہ تقریب 4دسمبر کو نیویارک میں منعقد کی جائے گی جس میں سلمان صوفی کے ساتھ ساتھ دیگر چار افراد کو بھی مدعو کیا جائے گا ،یہ اعزاز انہیں خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے میں کی جانے والی کوششوں کیلئے دیا جارہاہے ۔
سلمان صوفی کو جس فہرست میں شامل کیا گیاہے ان میں دنیا کی انتہائی معروف اور بڑی شخصیات بھی شامل ہیں ان میں امریکہ کے سابق نائب صدر جو بائیڈن ،اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو ،معروف انگریزی اداکار سر پٹرک سٹیورٹ اور زید بن راد الحسین شامل ہیں ۔
سلمان صوفی کی خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے سر توڑ کوششوں اور خصوصی کردار نے انہیں ایک چیمپئن بنا دیاہے ،انہوں نے خواتین پر تشدد کے خلاف تحفظ کیلئے 2016میں بنائے جانے والے قانون میں انتہائی اہم ترین کردار ادا کیا ،انہوں نے پنجاب اسمبلی سے نہ صرف خواتین کے خلاف تمام اقسام کے تشدد کو جرم قرار دلوایا بلکہ ملتان میں جنوبی ایشیا کا سب سے پہلا خواتین کے خلاف تشدد سے متعلق سینٹر فعال کیا ۔یہ مرکز خواتین کیلئے ایک ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے جہاں پولیس ،پراسیکیوشن ،میڈیکل اور مشاورت سمیت تمام خدمات خواتین کو ایک ہی چھت تلے دی جاتی ہیں ۔