پشاور سے کوئٹہ جانیوالی بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی
ڈیرہ اسماعیل خان(بیورو رپورٹ) پشاور سے کوئٹہ جانیوالی مسافروں سے بھری مسافر بس میں صبح سویرے نیو بنوں چونگی پولیس چیک پوسٹ پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، زور دار دھماکے کی آواز، پولیس چیک پوسٹ پر موجود حوالدار سمیع اللہ اور دو پولیس اہلکاروں نے ریسکیو15پولیس کے اہلکاروں کے ہمراہ مسافر بس میں موجود خواتین اور بچوں وغیرہ کو جان ہتھیلی پر رکھ کر نکال لیا، آگ سے مسافر بس کو شدید نقصان۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود میں نیو بنوں چونگی چیک پوسٹ پر مسافروں سے بھری بس جو پشاور سے کوئٹہ جا رہی تھی میں صبح آٹھ بجے کے قریب گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اس دوران زور دار دھماکہ بھی ہوا جو بس کی ٹینکی کے پھٹنے کا بتایا جاتا ہے۔ اس دوران چیک پوسٹ انچارج حوالدار سمیع اللہ اور ڈیوٹی پر موجود دیگر دو اہلکاروں شعیب اور یوسف جان نے ریسکیو15پولیس کے ہمراہ فوری طور پر جان ہتھیلی پر رکھ کر بس کی کھڑکیوں اور دورازوں سے مسافر بس میں موجود خواتین اور بچوں سمیت دیگر مسافروں کو باہر نکال کر محفوظ بنایا۔ پولیس اہلکاروں نے چیک پوسٹ میں موجود پانی کی مشین اور ریت کی مدد سے آگ پر20منٹ میں قابو پایا۔ عوامی سماجی حلقوں نے ریجنل پولیس آفیسر فلائیٹ لفٹیننٹ (ر) سید امتیاز شاہ اور ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود سے جان پر کھیل کر درجنوں مسافروں کی زندگیاں بچانے والے پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر تعریفی سند اور نقد انعام دینے کا مطالبہ کیاہے۔