اوٹی سی لاہور چیلنج کپ کے انتظامی اراکین کی رائے تیمور سے ملاقات
لاہور(سپورٹس رپورٹر)اوٹی سی لاہور چیلنج کپ انتظامیہ کے اراکین نے رکن پنجاب اسمبلی نیلم حیات کے ہمراہ صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی سے ملاقات کی،نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں صوبائی وزیر کھیل کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں چیئرمین اوٹی سی ملک حیات،چیئرمین اوٹی سی لاہور چیلنج کپ ٹورنامنٹ کمیٹی ملک سجاد اکبر،سینئر نائب صدر اوٹی سی لاہور چیلنج کپ شفیع اللہ خان اور سیکرٹری ٹورنامنٹ کمیٹی شہبازعلی شامل تھے۔رکن پنجاب اسمبلی نیلم حیات نے صوبائی وزیر کھیل کو اوٹی سی لاہور چیلنج کپ کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا اس موقع پر چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی ملک سجاد اکبر نے صوبائی وزیر کھیل کو ٹورنامنٹ کے حوالے سے بریفنگ دی ملک سجاد اکبر نے صوبائی وزیر کھیل کو بتایا کہ ٹورنامنٹ کروانے کا مقصد شہر میں کلب کرکٹ کے گرتے معیار کو بحال کرنے کے ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو منوانے کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے،ملک سجاد اکبر نے صوبائی وزیر کھیل کو بتایا کہ اوٹی سی لاہور چیلنج کپ کرکٹ ڈیویلپمنٹ کا ایک منظم پلان ہے اس ٹورنامنٹ میں چار سو سے زائد انڈر 23کھلاڑی حصہ لیں گے ٹورنامنٹ کے قواعد وضوابط میں ہر ٹیم کے لئے 23سال سے کم عمر چار کھلاڑیوں کو اپنی حتمی گیارہ رکنی ٹیم میں لازمی شامل کرنے کی شرط رکھی گئی ہے۔صوبائی وزیرکھیل نے اوٹی سی لاہور چیلنج کپ کے انعقاد کو بہترین قدم قراردیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس ٹورنامنٹ کے انعقاد سے لاہور شہرکی کرکٹ کو ایک نئی جہت ملے گی۔رائے تیمور بھٹی کا کہنا تھا کہ جس طرح اوٹی سی کلب کے کرکٹ کے فروغ کے لئے سامنے آئی ہے اس طرح دیگر کمپنیزاور اداروں کو ان کی تقلید کرتے ہوئے گراس روٹ لیول پرکھیلوں کی ترقی کے لئے اقدامات اٹھاتے ہوئے سامنے آنا چاہئیے۔اس موقع پررکن صوبائی اسمبلی نیلم حیات نے رائے تیمور بھٹی کو اوٹی سی لاہور چیلنج کپ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی۔