قومی ٹیم کی مایوس کن کاکردگی، سری لنکا کیخلاف سکواڈ میں تبدیلیوں کاامکان
لاہور(آئی این پی)آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ناقص کارکردگی کے بعد سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں تبدیلیوں کے امکانات ہیں۔ذرائع کے مطابق ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے بعد سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ کے ناموں پر غور ہو گا تاہم ٹیسٹ سیریز سے قبل ٹیم میں متعدد تبدیلیوں کا امکان ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ فاسٹ بولرز میں جنید خان، عثمان شنواری اور راحت علی کے نام زیر غور ہوں گے جب کہ سمیع اسلم، عمران بٹ، اشفاق احمد اور عادل امین بلے بازوں میں شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کی وطن واپسی پر انڈر-19 کیمپ میں رپورٹ کا امکان ہے، اس کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ پرفارمرز کو بھی سیریز کے لیے زیر غور لایا جائے گا۔واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک اننگز اور 5 رنز سے شکست دی تھی جب کہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں بھی قومی کھلاڑیوں کی پرفارمنس ناقص رہی ہے۔