ہیملٹن ٹیسٹ، انگلینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنا لئے
ہیملٹن(اے پی پی) انگلینڈ نے ہیملٹن ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنا لئے اور اسے نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے 106رنز درکار ہیں، روری برنز نے 101 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، کپتان جو روٹ 114 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ اتوارکو ہیملٹن میں ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 39 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو روی برنز 24 اور جو روٹ 6 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے، دونوں بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 177 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 201 تک پہنچا دیا، روری برنز 101 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے، بین سٹوکس انگلینڈ کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 26 رنز بناکر ٹم ساؤدی کی گیند پر روس ٹیلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، زیک کرالی کو ایک کے انفرادی سکور پر نیل وینگر نے آؤٹ کیا، تیسرے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنا لئے، جو روٹ نے شاندار سنچری بنائی اور وہ 114 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں، ٹم ساؤدی نے دو جبکہ میٹ ہینری اور نیل ویگنر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔