کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ، شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کا حملہ، ایک جوان شہید، 2دہشت گرد ہلاک، دو افسروں سمیت 4اہلکار زخمی

کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ، شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کا حملہ، ایک ...

  



پشاور،راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 افسران زخمی ہوئے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 افسران زخمی ہوگئے ہیں۔ترجمان کے مطابق بھارتی فوج نے رکھ چکری، راولہ کوٹ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی، پاک فوج کی جانب سے بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا گیا،جس پر بھارتی توپیں اور گنیں خاموش ہو گئیں بھارتی فوج نے پاکستانی چیک پوسٹ پرمارٹر گولے فائر کیے، فائرنگ کے تبادلے میں ایک میجر اور ایک کپتان زخمی ہوئے۔۔آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری جانب شمالی وزیر ستان میں ایف سی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کیا ہے جس پر ایف سی کے جوانوں نے جوابی کارروائی میں دو دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے لانس نائیک محمد عمران شہید اور دو ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے۔شہید لانس نائیک محمد عمران آفریدی کا تعلق جمرود سے ہے۔محمد عمران کی عمر31سال تھی اور وہ شادی شدہ تھا۔میجر جنرل آصف غفور کے مطابق دہشتگردوں نے افغان سرحد کے قریب واقع چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔

ایل او سی

مزید : صفحہ اول