پرتشدد طلبہ تنظیمیں نہیں حکمران خودجو آزادی اظہار پر قدغن لگاچکے، مریم اورنگزیب

      پرتشدد طلبہ تنظیمیں نہیں حکمران خودجو آزادی اظہار پر قدغن لگاچکے، مریم ...

  



اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے طلبہ تنظیموں کو پرتشدد کہنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا طلبہ تنظیموں کو پرتشدد کہنے والے ان کی بہتری کا کون سا ضابطہ مرتب کرپائیں گے؟،پرتشدد تو حکمران ہیں جنہوں نے آزادی اظہار کے آئینی وجمہوری حق پر قدغن لگادی ہے۔ ایک بیان میں مریم اورنگزب نے کہا کہ عمران صاحب ’پرتشدد‘ طالب علم نہیں، منتخب وزیراعظم اورپارلیمان پر حملے کرنے والے آپ تھے، آپ کے ٹویٹر پر قول اور حکومتی فعل میں مکمل طورپر تضاد پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف طلباء یونین کی حمایت اور دوسری طرف اْن پر ایف آئی آر عمران صاحب کی سیاسی منافقت اور دوغلا پن ہے،ایک طرف عمران صاحب طالب علموں کی حمایت میں ٹویٹ کرتے ہیں،دوسری طرف ان کی انتظامیہ پرچے کاٹ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب طلباء واساتذہ کے خلاف درج ایف آئی آر واپس فوراً واپس لیں،تمام گرفتار افراد کو فوری رہا کیاجائے، طلباء اور اساتذہ کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ طلباء اور اساتذہ کو پرامن اظہار رائے کی آزادی سلب کرنا قابل مذمت اور آمرانہ رویہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ”پرتشدد“ کا لیکچر دینے والے گزشتہ کل پارلیمنٹ پر حملے، منتخب وزیراعظم کو گلے سے گھسیٹ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر تو پارلیمنٹ پر حملے اور منتخب وزیراعظم کو گلے سے گھسیٹنے کا بیان دینے والوں پر ہونی چاہئے،عمران صاحب کی مافیا حکومت پارلیمان، میڈیا، سیاسی مخالفین سمیت ہر اختلافی آواز بند کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹینر پر نوجوانوں کو میٹھی باتیں سنانے والے وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر جھوٹے مقدمے بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرامن طلباء اور اساتذہ پر جھوٹی ایف آئی آر درج کرنے والوں کو شرم آنی چاہئے۔

مریم اورنگزیب

مزید : صفحہ اول