ملک کی ترقی کیلئے نوجوانوں کو عملی میدان میں آنا ہو گا،فاروق ستار
کراچی(این این آئی)سینئر پارلیمنٹرین ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اس ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں نوجوانو ں کا کردار ہر اول دستے کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر کراچی کے نوجوانوں پر مشتمل ہینڈ ٹو ہینڈ ویلفیئر آرگنائزیشن کے چیئر مین فیصل ملک کی قیادت میں نوجوانوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ نوجوان معاشرے کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں جب معاشرہ ترقی کرے گا تو ہمارا ملک بھی ترقی کرے گا اور اس کی جڑیں مضبوط ہوں گی فاروق ستار نے ہینڈ ٹو ہینڈ ویلفیئر آرگنائزیشن کی معاشرے کی ترقی کے حوالے سے عملی اقدامات کی تعریف کی۔انہوں نے کہاکہ معاشرے کی کلی ترقی اور فلاح کے لئے نوجوانوں کو میدان عمل میں آنا ہوگا اس موقع پر فیصل ملک کے ڈاکٹر فاروق ستار کو اپنی آرگنائزیشن کی جانب سے انجام دیئے جانے والی سرگرمیوں اور آئندہ کے پروجیکٹس پر تفصیل سے آگاہ کیا۔
فاروق ستار