پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے‘محمد جاوید 

پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے‘محمد جاوید 

  



لاہور (پ ر)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں معمولی کمی کا اعلان کر کے حاتم طائی کی قبر پر لات ماری ہے۔عوام کے ساتھ ریلیف کے نام پر مذاق کیا جا رہا ہے۔ پٹرول کی قیمت فی لیٹر 25 پیسے کمی کر کے عوام پر حکمرانوں نے جو احسان کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔معمولی کمی اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے۔ حکمران عوام کی عزت نفس کو مجروع کرنا بند کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء ضروریہ عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے۔ چاہے وہ سی این جی ہو یا کھانے کی چیزیں سب کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ روز بہ روز مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے اور تنخواہیں وہیں کی وہیں ہیں۔ جس سے عوام کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ اگر سب کچھ ایسے ہی چلتا رہا تو یہ نہ ہو کہ غریب عوام فاقوں پر آ جائیں اور حالات مزید خراب ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ یہ بھی ہے کہ ہر چیز چاہے وہ کھانے کی ہو یا اوڑھنے کی، اس پر ٹیکس لگایا جا رہا ہے۔ پچھلی حکومتوں کی کرپشن اور بیرونِ ملک سے قرض لینے کا خمیازہ 22کروڑ عوام بھگت رہے ہیں۔

 ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو جلد از جلد اس مہنگائی پر قابو پانا چاہئے تاکہ غریب عوام کا کچھ بھلا ہو سکے اور کئی گھر فاقوں کی لپیٹ سے بچ جائیں۔ ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کا قومی قرضہ 2018 کے آخر تک مجموعی ملکی پیداوار کا 73.2 فیصد بن چکا تھا۔ 2019 میں 17 سالہ اونچے ترین 82.3 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ افسوس کہ ہمارے کتنے ہی بااختیار صاحبان ایسے ہیں جنہوں نے ملک کو اپنی جاگیر سمجھے رکھا۔ اس نے عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیلااور اس کے وسائل پر ہاتھ صاف کرنے کی کوششیں کیں۔ موجودہ حکمران بھی اپنوں کو نوازنے میں مصروف رہے۔اس اقربائپروری نے اداروں کو تباہ کردیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1