فیڈریشن نے تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے کچھ نہیں کیا، ذکریا عثمان
کراچی(این این آئی)فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سابق صدر اور بزنس مین پینل سندھ کے صدر ذکریا عثمان نے کہا ہے کہ فیڈریشن کے الیکشن میں مخالف گروپ تاجر برادری کی نمائندگی کرنے میں ناکام ہوگیا ہے، ان کے 4سالہ دور میں ملک کی ایکسپورٹ گھٹتی گئی ہے اور معیشت برباد ہوتی گئی لیکن انہوں نے تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا،جس کی وجہ سے تاجروں کاان پر اعتماد ختم ہوچکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز معروف تاجر رہنماء عبدالغنی عثمان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ذکریا عثمان نے کہا کہ برسر اقتدار گروپ الزامات کی سیاست چھوڑ کر اپنے دور میں کیے گئے کام کے بارے میں بتائیں،جس زمانے میں ہم تھے اس ایک سال کا مخالفین اپنے 4سال کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اگر اپنی زبانیں کھول دی تو ایف پی سی سی آئی میں برسر اقتدار گروپ کو لوگوں کا سامنا کرنا بھاری پڑ جائے گا لہٰذا الیکشن میں صرف الیکشن کی باتیں کی جائیں۔
،ایف پی سی سی آئی میں برسر اقتدار گروپ نے اگر گزشتہ 4 سال میں کوئی اچھا کام کیا ہے تو وہ ضرورلوگوں کو بتایا جائے،ہم نے اپنے دور اقتدار میں پاکستان کے تاجروں کے مسائل کو بہتر طور پر حل کیا بلکہ ہماری بجٹ تجاویز کو حکومت کی جانب سے سراہا گیا ہے، ہی وجہ ہے کہ تاجر برادری آج بھی بھرپور طریقے سے ہم پر اعتماد کرتی ہے،ہم دوبارہ اقتداد میں آئے تو ہمارے مشوروں سے حکومت کو ضرورفائدہ پہنچائیں گے۔