سندھ پیار، محبت، روداری اور امن کا گہوارہ ہے،ایاز پلیجو 

سندھ پیار، محبت، روداری اور امن کا گہوارہ ہے،ایاز پلیجو 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ سندھ پیار، محبت، روداری اور امن کا گہوارہ ہے۔سندھ کی ثقافت وتہذیب دنیا کی چار بڑی قدیم تہذیبوں میں سے ایک ہے۔ سندھ میں بسنے والے تمام لوگ اس پاک سرزمین کی بدولت اپنی تاریخی روایات کے امین ہیں۔ سندھی کے ساتھ ہمیں اردو، پنجابی، پشتو، سرائیکی اور بلوچی زبانوں سے بھی پیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار یکم دسمبر کو سندھی ثقافت ڈے کے موقع پر میٹرو پول ہوٹل سے پریس کلب تک ہزاروں افراد لوگوں کی کلچرل ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں سندھ کی مختلف برادریوں اور زبانوں کے ہزاروں لوگ سندھی ٹوپی، پٹکے اور اجرک کے ساتھ شریک ہوئے۔ کراچی پریس کلب پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سندھ کی سرزمین مفکروں، ادیبوں اور صوفیوں کے باعث دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتی ہے۔ سندھ کے مختلف زبانیں بولنے والے سب لوگ محب وطن ہیں جو سندھ سے یکساں محبت کرتے ہیں۔ سندھ کا ثقافتی دن منانے کا بنیادی مقصد سندھ کی قدیم تہذیب اورامن کو اجاگر کرنا ہے۔ سندھ کی وحدت کا آخری سانس تک دفاع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ ہزار سال قبل جب دنیا بے شعور تھی سندھ کی تہذیب عروج پر تھی۔ پاکستان ہمارا وطن ہے اس میں ہم سب کو امن، برابری اور انصاف سے رہنا ہے۔ سندھ کی تہذیب وثقافت ہزاروں سال کے بعد بھی اپنی تازگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ایازلطیف پلیجو نے کہا کہ ہمیں امن، میرٹ، ترقی اور احتساب چاہیے تاکہ دنیا دیکھے کہ سندھی قوم باشعور  ہے۔ 

مزید :

صفحہ اول -