سندھی ٹوپی اور اجرک سندھ کی ثقافت کی علامت ہے،نجیب ہارون 

سندھی ٹوپی اور اجرک سندھ کی ثقافت کی علامت ہے،نجیب ہارون 

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف کے ایم این اے اورقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسسنگ وتعمیرات کے چیئرمین نجیب ہارون نے سندھ کے یوم ثقافت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ آج سندھی ثقافت کے زریعے محبتیں تقسیم کرنے کا دن ہے۔سندھ کی سرزمین کو اللہ نے ثقافتی ورثے سے بھرپور اور مالامال کیا ہے،سندھ کی تہذیب اور ثقافت کو زندہ رکھنے کے لیے ہم سب کو اپنا کرادر اداکرنا ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ سنٹرل این اے 256سے جاری کردہ بیان میں کیا۔ سندھ سمیت ملک بھر میں عوام کو سندھ کی یوم ثقافت منانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ کارکنان آج کے دن ٹوپی اور اجرکیں پہن کرگھروں سے نکلیں اورسندھی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی تقریبات کا اہتمام کریں جبکہ شہر بھر سے نکلیں والی ثقافتی ریلیوں میں بھی بھرپور شرکت کریں،انہوں نے کہاکہ اس عمل سے آپس میں محبت اور یگانت کا جزبہ پیدا ہوتاہے،اس لیے تمام صوبوں میں ہونے والی ثقافت کے ہر دن کو نہایت اہتمام اور جوش وجزبے سے منانا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ سندھ کے رہنے والے لوگ اپنے مہمانوں کو آج کے دن سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ پیش کرکے اپنی انمول محبت کااظہارکرتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ جو قومیں اپنا ثقافت اور تہذیب کو بھول جاتی ہیں وہ برباد ہوجاتی ہیں،جبکہ یہ ایک تاریخی حقیقت ہے کہ سندھ کے لوگ نہایت ہی مہمان نواز او ر محبت کرنے والے لوگ ہیں، انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت سندھ کے لوگوں کو صاف پانی،صحت اور بنیادی سہولیات دینے کے لیے جامع منصوبوں پر کام کررہی ہے،تاکہ سندھ کی غیور عوام سے جو جو وعدے کیے گئے انہیں جلد سے جلد پورا کیا جاسکے انہوں نے مزید کہاکہ سندھ کی قدیم تہذیب کئی دہائیوں کے بعد بھی اپنے اندرایک ولولہ اور تازگی برقرار رکھے ہوئے ہے،صوفیا کرام کی یہ سرزمین اپنی ثقافت کے لحاظ سے ایک منفرد اہمیت کی حامل ہے۔

مزید : صفحہ اول