چارسدہ،انسداد پولیو مہم کا آغاز،شبہات دور کرنے کیلئے خصوصی کمیٹیوں کا قیام

چارسدہ،انسداد پولیو مہم کا آغاز،شبہات دور کرنے کیلئے خصوصی کمیٹیوں کا قیام

  



چارسدہ(بیو ر ورپورٹ) چارسدہ میں پولیومہم کو کامیاب بنانے اور والدین کے پولیو ویکسین کیحوالے سے شکوک و شبہات دور کرنے کے لئے تحصیل شبقدر کے مختلف یونین کونسلوں کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی جس کی نگرانی ممبر صوبائی اسمبلی عارف احمدزئی کرینگے۔اس حوالے سے ممبر صوبائی اسمبلی عارف احمدزئی کی رہائش گاہ پر چارسدہ کے تحصیل شبقدر میں پیر کے دن سے شروع ہونیو الے پولیو مہم کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیونیکشن سپورٹ آفیسر کامران خان اور ڈبلیو ایچ او کے نمائند ے ڈاکٹر اعجاز خان سمیت مختلف یونین کونسلوں کے عمائدین نے شرکت کی۔ا س موقع پر عارف احمد زئی نے پانچ سال سے کم عمر کے بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا جب کہ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عارف احمد زئی کا کہنا تھا کہ علاقہ شبقدر سے حال ہی میں رپورٹ ہونے والے پولیو کیس سے واضح ہوتا ہے کہ ان علاقوں میں اب بھی پولیو وائرس پایا جاتا ہے جس کو کنٹرول کرنے کے لئے تمام والدین کو اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا لازمی ہے اس لئے معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ نہ صرف اپنے بچوں کو بلکہ علاقہ کے دیگر بچوں کو بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کرے تاکہ مستقبل کے معماروں کو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے۔ اس موقع پر پولیو مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے،پولیوویکسین کے حوالے والدین کے شکوک وشبہات دور کرنے اور انکاری والدین کو ویکسنیشن کے لئے راضی کرنے کی غرض سے یونین کونسل کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی جو پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت کے ٹیموں کے ساتھ ہر قسم کی تعاون کو یقینی بنائے گی جبکہ پولیو مہم کے دوران ان کمیٹیوں کی نگرانی ممبر صوبائی اسمبلی خود کرینگے۔

مزید : صفحہ اول