کشمیر کو آزاد کرانے کیلئے ہمارے کپتان ہی کافی ہیں،حلیم عادل شیخ
کراچی(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے سینئر رہنما و سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ بلاول زرداری کی تحریک بھی تاریخ میں سنہرے الفاظ میں لکھی جائے گی کہ بلاول کی سندھ میں حکومت عوام کو نوچ رہی تھی بلاول کشمیر فتح کرنے مظفرآباد آئے تھے۔ سندھ کے کئی اضلاع میں ٹڈی دلوں کے حملوں میں زراعت تباہ ہوچکی ہے بلاول کشمیر فتح کرنے کی باتیں کر رہے ہیں۔اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہاکہ بلاول پہلے اپنی سندھ میں حکومت کو درست سمت پر تو لائیں جہاں لاڑکانہ ایڈز کا مرکز بن چکا ہے تھر پیاسا ہے بچے مر رہے ہیں ہسپتال ویران ہیں تعلیم تباہ ہوچکی ہے عوام کو پانی کے نام پر زہر پلایا جارہا ہے، بلاول خود کو کرپشن سے پاک ثابت کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔عوام سب جانتی ہے کس طرح کرپشن کے پیسوں سے بلاول کے اخراجات ادا کئے جاتے تھے۔ کشمیر کو آزاد کرانے کے لئے ہمارے کپتان عمران خان ہی کافی ہیں جو اس وقت عملی جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا اپوزیشن جماعتوں سے پاکستان کی ترقی برداشت نہیں ہورہی ہے ساری خامیاں ابھی نظر آنے لگی ہیں۔