دوران پرواز سعودی خاتون کے ہاں بچے کی ولادت 

دوران پرواز سعودی خاتون کے ہاں بچے کی ولادت 

  



 ریاض (آئی این پی) دوران پرواز سعودی خاتون نے بچے کو جنم د یدیا ، جہازمیں  موجود  ایک لیڈی ڈاکٹر اور نرس نے  زچکی کا معاملہ بحسن و خوبی مکمل کیا۔  سعودی میڈیا  کے مطابق السعودیہ ایئر کی پرواز sv 1228 جو سعودی عرب کی شمالی کمشنری عرعر سے ریاض کے لیے روانہ ہوئی۔ فلائٹ کی روانگی سے قبل جہاز کے عملے اور گراؤنڈ کنٹرول کو اس امر کی اطلاع نہیں تھی کہ فلائٹ پر مسافرخواتین میں ایک حاملہ بھی سفر کر رہی ہیں جن کی یہاں کسی بھی وقت ولادت متوقعہ ہے۔ فلائٹ اپنے وقت مقررہ پر روانہ ہوئی ابھی جہاز کو ہوا میں سفر کرتے ہوئے ایک گھنٹہ ہی ہوا تھا کہ ایک مسافر خاتون کو درد ہوا جس پر فلائٹ کریو کو اس کی اطلاع دی گئی۔جہاز کا عملہ اس اطلاع سے سخت پریشان ہو گیا کیونکہ فلائٹ پر ایسا کوئی انتظام نہیں تھا جس کے تحت زچگی کے معاملے کو نمٹایا جاسکے۔ کیپٹن نے  مسافروں سے اپیل کی کہ اگر کوئی لیڈی ڈاکٹر یا طبی عملہ فلائٹ پر موجود ہو تو وہ عملے سے رجوع کرے۔

کیپٹن کا اعلان سنتے ہی لیڈی ڈاکٹر جو اتفاق سے اسی فلائٹ پر تھی نے فوری طور پر اپنی خدمات مہیا کر دیں۔ جہاز کے عملے نے زچہ خاتون کو جہاز کے عقبی حصہ میں منتقل کیا جہاں لیڈی ڈاکٹر اور نرس کی معاونت سے خاتون نے صحت مند بچے کو جنم دیا۔جہاز کے کپتان نے اسی دوران ریاض ایئر پورٹ پر رابطہ کر کے زچکی کی اطلاع دیتے ہوئے رن وے پر ایمبولنس کو طلب کر لیا تاکہ زچہ و بچہ کی مزید طبی نگہداشت کا عمل مکمل کیاجاسکے۔فلائٹ پر زچکی کی کارروائی کرنے والی لیڈی ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ " جب کیپٹن کی اپیل سنی تومجھے خوشی ہوئی کہ میں فلائٹ پر ہوں۔بچے کی ولادت کے وقت میری خوشی میں اضافہ ہو گیا کہ میں ایک نہیں 2 زندگیوں کو بچانے کا سبب بن گئی۔

مزید : عالمی منظر /رائے