خرطوم میں سیکڑوں افراد کا احتجاج،مقتول مظاہرین کیلئے انصاف کا مطالبہ

خرطوم میں سیکڑوں افراد کا احتجاج،مقتول مظاہرین کیلئے انصاف کا مطالبہ

  



خرطوم(این این آئی)سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں سیکڑوں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے اور معزول صدر عمر حسن البشیر کے خلاف احتجاجی تحریک میں ہلاک ہونے والے مظاہرین کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سوڈان میں دسمبر 2018ء کے بعد صدر عمرالبشیر کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے دوران میں تشدد کے واقعات میں 250 سے زیادہ افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔اس عوامی احتجاجی تحریک کے نتیجے میں سوڈانی فوج نے عمرالبشیر کو 11 اپریل کو معزول کردیا تھا۔ان کے خلاف یہ تحریک ملک کو درپیش معاشی مسائل،بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف شروع ہوئی تھی اور ان کے تیس سالہ دور اقتدار کا خاتمہ ہوگیا تھا۔مظاہرین نے خرطوم کے مرکزی چوک سے وزیراعظم عبداللہ حمدوک کے دفتر تک مارچ کیا۔انھوں نے بشیر مخالف احتجاجی تحریک کے دوران میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں اور ان کی کریک ڈاؤن کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے افراد کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔

مزید : عالمی منظر /رائے