سعودی عرب ہروب کارکنوں کیخلاف سخت قانون منظور، ہمیشہ کیلئے بلیک لسٹ

سعودی عرب ہروب کارکنوں کیخلاف سخت قانون منظور، ہمیشہ کیلئے بلیک لسٹ

  



ریاض (آئی این پی) سعودی عرب  وزارت محنت اور جوازات (محکمہ پاسپورٹ) نے  ہروب پر سخت کارروائی کا قانون منظور کر لیا،ایسے کارکن جو قانون محنت کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہوئے اپنے آجر یعنی کفیل کے پاس سے فرار ہو کر دوسری جگہ ملازمت کرتے ہیں، غیر قانونی کارکن کے زمرے میں شمار کیے جا ئیں گے۔قانون محنت کے مطابق غیر قانونی تارکین کو ملازمت فراہم کرنے والے ادارے یا افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جاتی ہے۔ایسے  ادارے، فیکٹری یا شخص جس نے ہروب والے کارکنوں کو ملازمت فراہم کی ہو، دوران تفتیش اس کے پکڑے جانے پر ادارے کے ڈائریکٹر یا ذمہ دار شخص کو اس پر ایک لاکھ  ریال جرمانہ اور چھ ماہ کی قید ہوگی۔ ادارے کے ذمہ دار  جس نے غیر قانونی افراد کو ملازمت فراہم کی ہو۔

 اسے قید و جرمانے کے علاوہ مملکت سے بے د خل کر دیا جائے گا جبکہ ادارے پر آئندہ پانچ برس کے لیے ویزوں کا اجرا بند کر دیا جائے گا۔ ہروب والے کارکنوں پر سزا کا اطلاق تمام پیشوں پر کیا جائے گا۔ مثلا گھریلو ملازمین جن میں فیملی ڈرائیور، خادمہ، فیملی نرس، ہوم ٹیوٹر وغیرہ کے پیشے شامل ہیں۔ ہروب والے کارکنوں کو محض مملکت سے ہمیشہ کے لیے بے دخل ہی نہیں کیا جاتا بلکہ ان پر 50 ہزار ریال جرمانہ اور چھ ماہ کی قید کی سزا بھی ہوتی ہے۔ جرمانہ ادا کرنے اور قید کاٹنے کے بعد ان کارکنوں کو ملک بدر کر دیا جاتا ہے۔ ہروب کی اصطلاح ایسے غیر ملکی کارکنوں کے لیے ہوتی ہے جو اپنے آجر کے پاس سے فرار ہو جاتے ہیں۔ کفیل کو معلوم نہیں ہوتا ہے کہ ان کے کارکن کہاں ہیں۔سعودی عرب میں قانون محنت کے مطابق کفیل یا آجر اس امر کا ذمہ دارہے کہ وہ اپنے زیر کفالت آنے والے غیر ملکی کارکنوں کے اقامے، ورک پرمٹ اور قیام و طعام کے علاوہ دیگر ضروریات کا بھرپور خیال رکھے۔ ایسے غیر ملکی کارکن جو عربی سے واقف نہیں ہوتے اور انسانی تجارت کرنے والوں کے جال میں پھنس کر اپنی جمع پونچی لٹا بیٹھتے ہیں وہ جب اپنے ملک سے مزدوروں کے ویزوں پر آتے ہیں تو انہیں اندازہ نہیں ہوتا کہ یہاں کتنی مشکلات کا سامنا انہیں کرنا پڑتا ہے۔چرواہے یا گھریلو ڈرائیور کے ویزے پر آنے کے بعد جب انہیں معاہدے کے مطابق اجرت نہیں ملتی تو وہ دوسری جگہ کام تلاش کر کے اپنے کفیل سے فرار ہو جاتے ہیں۔کارکن کے غائب ہونے پر کفیل ان کا ہروب لگا دیتا ہے جس کے بعد ان کے لیے مشکلات کھڑی ہو جاتی ہیں 

مزید : عالمی منظر /رائے