محسن رانجھا نے تحریک انصاف کی حکومت پر سنگین الزام عائد کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما محسن رانجھا نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت میں جو لوگ کرپشن کررہے ہیں،ان کو نواز ا جارہا ہے ، تحریک انصاف والے بچے اور من کے سچے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ “میں گفتگو کرتے ہوئے محسن رانجھا نے کہا کہ کے پی میں جو کرپشن ہوئی ہے ، ہم نے اس حوالے سے بھی مقدمات بنانے کی کوشش کی تھی لیکن اس طرف توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی کہہ رہے ہیں کہ پشاورمیٹرو کا کیابنا ؟ اس کا آج تک جواب نہیں ملا ۔ موجودہ حکومت میں جو لوگ کرپشن کررہے ہیں،ان کو نواز ا جارہا ہے ۔
محسن رانجھا کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف والے بچے اور من کے سچے ہیں،عامر کیانی کو کرپشن پر نکالا لیکن پارٹی سیکرٹری لگادیا۔عام سزایافتہ پاکستانی پیرول پر بھی رہا ہوجاتے ہیں اور ہسپتالوں میں بھی چلے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عام پاکستانیوں سے بھی جیلوں میں بہتر سلوک ہوتا رہا ہے لیکن شرط یہ ہے کہ ان کے وکیل ان کے کیس کی صحیح طریقے سے پیروی کریں۔