عمران خان کا ورلڈ کپ جیتنا اب تک بھگت رہے ہیں،عظمیٰ بخاری
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہاہے کہ ہم متاثرین تبدیلی ہیں اور عمران خان کے تجربات کا شکار پنجاب ہورہا ہے، عمران خان کا ورلڈ کپ جیتنا ہم اب تک بھگت رہے ہیں ۔
جیونیوز کے پرو گرام ”آپس کی بات “میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مافیا کو ہر دوسرا مافیا لگتاہے اور وارداتیے کو ہر دوسرا وارداتیا لگتاہے ،سب سے بڑا بلنڈر تو حکومت کا یہ ہے کہ یہ چور دروازے ڈھونڈ رہے ہیں یہ تو چیف جسٹس نے بال پارلیمنٹ کے کورٹ میں پھینکی کہ یہ معاملہ پارلیمنٹ میں حل کیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود بہت بڑا مافیا ہیں جو زکوٰة کھاتے ہیں اور پارٹی کے اجلاس میں یہ بات کہتے ہیں کہ یہ بات باہر نہ جائے ۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید اور اعجاز شاہ کے بیانات نکالیں تو وہ کہتے ہیں کہ نواز شریف نے بات نہیں مانی اس لئے سزا بھگت رہے ہیں ، ووٹ کو عزت دو کی وجہ سے سزا بھگت رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہم متاثرین تبدیلی ہیں اور عمران خان کے تجربات کا شکار پنجاب ہورہا ہے ، جنوبی پنجاب میں وہاں کے ایک مقامی شاعر نے عثمان بزدار کیخلاف تقریر کی تو بادشا ہ سلامت نے اس کواٹھا کر اندر کردیا۔ عمران خان کا ورلڈ کپ جیتنا ہم اب تک بھگت رہے ہیں ۔