تیسرا ون ڈے، بھارت نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 303 رنز کا ہدف دیدیا

تیسرا ون ڈے، بھارت نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 303 رنز کا ہدف دیدیا
تیسرا ون ڈے، بھارت نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 303 رنز کا ہدف دیدیا
سورس:   Twitter

  

کینبرا (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں بھارت نے ہردیک پانڈیا کی عمدہ اننگز کی بدولت آسٹریلیا کو جیت کیلئے 303 رنز کا ہدف دیدیا ہے، پانڈیا نے 92 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ 

تفصیلات کے مطابق مانوکا اوول کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو بھارتی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ ہردیک پانڈیا نے سب سے زیادہ 92 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شیکھر دھون 16، شبمان گل 33، ویرات کوہلی 63، شریاس ائیر 19، کے ایل راہول 5 اور رویندرا جدیجہ 66 رنز بنا سکے۔ 

آسٹریلیا کی جانب سے ایشٹن اگر سب سے کامیاب باﺅلر ٹھہرے جنہوں نے 10 اوورز میں 44 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جوش ہیزل ووڈ، سین ایبٹ اور ایڈم زامپا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 

واضح رہے کہ میچ کیلئے آسٹریلین ٹیم کی قیادت ایرون فنچ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں مارنوس لابوشین، سٹیو سمتھ، گلین میکس ویل، موئسس ہینرکس، ایلکس کیری، کیمرون گرین، ایشٹن اگر، سین ایبٹ، ایڈم زامپا اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔ 

بھارتی ٹیم کی قیادت ویرات کوہلی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شیکھر دھون، شبمان گل، شریاس ائیر، کے ایل راہول، ہردیک پانڈیا، رویندرا جدیجہ، شردل ٹھاکر، کلدیپ یادیو، جسپریت بمرا اور نتراجن شامل ہیں۔ 

مزید :

کھیل -