پی سی بی کو جنوبی افریقہ کرکٹ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے گرین سگنل کا انتظار

پی سی بی کو جنوبی افریقہ کرکٹ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے گرین سگنل کا انتظار
پی سی بی کو جنوبی افریقہ کرکٹ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے گرین سگنل کا انتظار
سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کرکٹ ساﺅتھ افریقہ (سی ایس اے) کی جانب سے گرین سگنل کا انتظار ہے۔ 

 تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے 25ستمبر کو تصدیق کی گئی تھی کہ جنوبی افریقی ٹیم آئندہ سال کے اوائل میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس کے بعد کرکٹ ساﺅتھ افریقہ کے 4رکنی وفد نے گزشتہ ماہ کے اوائل میں کراچی، لاہور اور راولپنڈی کا دورہ کرتے ہوئے عمومی اور بائیو سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔

تینوں وینیوز کے حوالے سے پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشل کرکٹ ذاکر خان اور ضلعی حکام کی جانب سے بریفنگ کے بعد مہمان آفیشلز نے اطمینان کا اظہار کیا اور اب ان کی رپورٹ کی روشنی میں حتمی فیصلہ کیا جانا ہے۔ وفد میں شامل جنوبی افریقی کرکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندے سٹیفن کریگ کک کی رائے خاص طور پر اہمیت کی حامل ہو گی جنہوں نے کرکٹرز کو اعتماد میں لینے کے بعد کوئی باضاطہ اعلان کرنا ہے۔

مجوزہ شیڈول کے مطابق پروٹیزسے سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کو کراچی میں شروع ہو گا، طویل فارمیٹ کا دوسرا میچ لاہور میں کرانے کا پلان ہے جبکہ 3 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز راولپنڈی میں کھیلی جائے گی، اس معاملے پر گزشتہ چند ہفتوں سے پی سی بی کے ایوانوں میں خاموشی چھائی ہوئی تھی۔

ذرائع کے مطابق باضابطہ جواب کے منتظر بورڈ نے کرکٹ ساﺅتھ افریقہ سے رابطہ کیا ہے اور اس ضمن میں مزید پیش رفت جلد متوقع ہے، یاد رہے کہ جنوبی افریقی ٹیم نے آخری بار پاکستان کا دورہ 2007میں کیا تھا۔

مزید :

کھیل -