شاہ محمودقریشی کا نائجیرین ہم منصب کو فون، دہشت گردی کے واقعات میں شہریوں کی ہلاکتوں پر اظہار افسوس 

شاہ محمودقریشی کا نائجیرین ہم منصب کو فون، دہشت گردی کے واقعات میں شہریوں کی ...
شاہ محمودقریشی کا نائجیرین ہم منصب کو فون، دہشت گردی کے واقعات میں شہریوں کی ہلاکتوں پر اظہار افسوس 

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نائجیریا کے وزیر خارجہ جیفری اوئنیاما کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا ہےجس میں وزیر خارجہ نے دہشت گردوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے اور اغواء شدہ تقریباً 50 افراد کی جلد بازیابی کی توقع ظاہر کی۔

نجی ٹی وی بول نیوز کے مطابق اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نائجیریا میں ہونے والے دہشت گردوں کے حملے اور اس کے نتیجے میں سو سے زائد بے گناہ شہریوں کے بہیمانہ قتل اور اغواء  کے واقعہ کی شدید مذمت کی۔ٹیلیفونک رابطے میں وزیر خارجہ نے پاکستان کی طرف سے نائجیرین حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جبکہ اپنے نائجیرین ہم منصب سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار  کیا۔

نائجرین وزیر خارجہ نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کامیاب حکمت عملی کو سراہتے ہوئے پاکستان اور نائجیریا کے مابین اس حوالے سے باہمی تکنیکی مشاورت اور معاونت کی ضرورت پر زور دیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ہر ایسے  مجرمانہ فعل کی سختی سے مذمت کرتا ہے جو سلامتی و استحکام کو نقصان پہنچانے کیلئے، کسی بھی قسم کے تشدد اور دہشت گردی کے ذریعے کیا جائے۔

نائجیریا کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے میں پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ایسے واقعات ہر قسم کے مذہبی اور انسانی اقدار و اصولوں کے مکمل منافی ہیں۔

مزید :

قومی -