کریم، کھلونوں اور نیل کٹرز کے ذریعے سونا سمگل کرنے کی کوشش، سب سے انوکھا سمگلر پکڑا گیا
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں گزشتہ دنوں ایک سمگلر کو ایئرپورٹ پر سونا سمگل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا جو ایسے طریقے سے سونا بیرون ملک سے لا رہا تھا کہ کسٹمز حکام بھی حیران رہ گئے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق اس 30سالہ سمگلر کا نام سید نعیم الرحمن بتایا گیا ہے جو کہ بھارتی شہر چنئی کا رہائشی ہے اور چنئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہی اترا تھا۔ وہ فضائی کمپنی انڈی گو کی ایک پرواز پر متحدہ عرب امارات سے بھارت پہنچا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ملزم چیکنگ پر آفیسرز کو چکمہ دینے میں کامیاب ہو گیا تاہم ایگزٹ پر اسے مشکوک سمجھ کر روک لیا گیا اور جب اس کے سامان کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے 286گرام سے زائد سونا برآمد ہو گیا جس کی مالی14لاکھ بھارتی روپے (تقریباً 30لاکھ پاکستانی روپے) بنتی ہے۔ ملزم نے سونے کے ٹکڑے حیران کن طور پر فیس کریم اور ٹائیگر بام کی بوتلوں اور کھلونا کاروں میں چھپا رکھے تھے۔ اس کے علاوہ اس کے پاس دو نیل کٹر بھی تھے جن میں چاقو، بوتل کھولنے والی چابی اور دیگر چیزیں بھی بنی ہوئی تھیں اور ان میں سے چار چار چیزیں سونے کی تھیں۔ملزم کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔