28 سال ماں کی قید میں رہنے والے شخص کو بالآخر 41 سال کی عمر میں رہا کروا لیا گیا، ناقابل یقین کہانی سامنے آگئی

28 سال ماں کی قید میں رہنے والے شخص کو بالآخر 41 سال کی عمر میں رہا کروا لیا گیا، ...
28 سال ماں کی قید میں رہنے والے شخص کو بالآخر 41 سال کی عمر میں رہا کروا لیا گیا، ناقابل یقین کہانی سامنے آگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سٹاک ہوم(مانیٹرنگ ڈیسک) سویڈن میں 28سال تک ماں کی قید میں رہنے والے شخص کو 41سال کی عمر میں بالآخر رہا کروالیا گیا۔ میل آن لائن کے مطابق اس آدمی کی ماں کی عمر اس وقت 70سال ہے جس نے اسے 13سال کی عمر میں سکول سے اٹھا لیا اور ایک فلیٹ میں لیجا کر قید کر لیا۔ خاتون اس تمام عرصے میں اپنے رشتہ داروں کو یہی بتاتی رہی کہ اس کا بچہ گم ہو گیا ہے۔ گزشتہ دنوں ان کے ایک رشتہ دار کو شک گزرا اور وہ فلیٹ کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو گیا جہاں اس نے 28سال بعد اس آدمی کو انتہائی ناگفتہ بہ حالت میں دیکھ کر پولیس کو اطلاع دے دی۔
رپورٹ کے مطابق یہ آدمی غذائی قلت کا شکار ہو کر انتہائی لاغر اور نحیف و نزار تھا، اس کے دانت ٹوٹ چکے تھے اور اسے چلنے اور بات کرنے میں شدید مشکل درپیش آ رہی تھی۔ اس کے پورے جسم پر زخم تھے۔ بازیابی کے بعد اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ خاتون فیملی میں پیش آنے والے ایک واقعے کی وجہ سے اپنے بچے کے متعلق حد سے زیادہ فکر مند ہو گئی تھی جس کی وجہ سے اس نے 1991ءمیں اسے سکول سے اٹھا کر فلیٹ میں بند کر لیا۔ خاتون کے ہمسایوں نے بتایا کہ خاتون اپنے فلیٹ کو انتہائی بری حالت میں رکھتی تھی اور کبھی صفائی نہیں کرتی تھی۔ اس نے کبھی ہمسایوں کو بھی اپنے بیٹے کے بارے میں نہیں بتایا تھا۔ایک ہمسایہ خاتون نے بتایا کہ چند سال قبل اس نے خاتون کے بیٹے کو گھر کے باہر دیکھا تھا اور دیکھتے ہی اس نے خاتون سے کہا کہ ”میں تمہیں جانتا ہوں، تم ہماری ہمسائی ہو۔“

مزید :

ڈیلی بائیٹس -