کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو احتجاج کرتے بھارتی کسانوں کے لیے میدان میں آگئے، بھارتیوں کو غصہ چڑھا دیا
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو احتجاج کرتے بھارتی کسانوں کی حمایت میں آگے آگئے اور بھارتی شہریوں کو غصہ دلادیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارت میں کسان زراعت سے متعلق نئے قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں جس پر جسٹن ٹروڈو نے اعلان کیا کہ وہ بھارتی کسانوں کے لیے فکر مند ہیں اور ان کی حکومت نے بھارتی حکام سے رابطہ کیا ہے اور اس معاملے پر اپنے تحفظات سے انہیں آگاہ کیا ہے۔کینیڈا ہمیشہ کسانوں کے پرامن احتجاج کے حق کے دفاع کے لیے کھڑا رہے گا۔
جسٹن ٹروڈو کے اس بیان پر بھارت اور کینیڈا کے درمیان سفارتی سطح پر بھی ایک چپقلش شروع ہو گئی ہے اور بھارتی شہری بھی اسے بھارت کے اندرونی مسئلے میں مداخلت قرار دے کر جسٹن ٹروڈو کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ جسٹن ٹروڈو کا بیان غیرذمہ دارانہ ہے، جس سے لگتا ہے کہ وہ معاملے سے آگاہ ہی نہیں ہیں۔ اگر ایک جمہوری ملک کے اندرونی معاملے کے طور پر دیکھا جائے تو جسٹن ٹروڈو کا بیان قطعی ناجائز ہے۔