شہباز شریف اور مصطفی کمال کااہم رابطہ 

 شہباز شریف اور مصطفی کمال کااہم رابطہ 
 شہباز شریف اور مصطفی کمال کااہم رابطہ 

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اور پاک سر زمین پارٹی(پی ایس پی) کے سربراہ مصطفی کمال کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اور تمام سیاسی قوتوں کویکجا کرنے پر اتفاق ہوا ۔

نجی ٹی وی چینل ’ہم نیوز‘ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملک میں مہنگائی کی بدترین صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین( ای وی ایم)اور  انتخابی اصلاحات سے متعلق حکومتی اقدامات پر بھی مشاورت کی۔میاں شہباز شریف نے بات چیت میں کہا کہ عوامی مفاد میں جمہوری قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا،حکومت چل نہیں رہی ہے اور عوام مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں، پاکستان کی مالیاتی شہ رگ بھی عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف) کے کنٹرول میں دے دی گئی ہے۔

 سید مصطفیٰ کمال نے ٹیلی فونک بات چیت میں کہا کہ عوام کے حق کے لیے عوام دوست قوتوں کے مل کر چلنے پر اتفاق کرتے ہیں۔ شہباز شریف اور سید مصطفیٰ کمال نے ٹیلی فونک بات چیت میں اس امر پر اتفاق کیا کہ آئندہ مستقبل میں بھی رابطے جاری رکھے جائیں گے اور قومی امور پر مل کر چلیں گے۔

واضح رہے کہ مصطفیٰ کمال کی امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق سے بھی ٹیلی فونک بات چیت ہوئی تھی۔

مزید :

قومی -