ٹوئٹر سے استعفیٰ دینے والے جیک ڈورسی نے کیا کام شروع کردیا ؟ ٹیکنالوجی کی دنیا سے اہم خبر آگئی
نیو یارک (ڈیلی پاکستان آن لائن )حال ہی میں ٹوئٹر کے سی ای او کے عہدے سے استعفیٰ دینے والے اور سکوائر نامی کمپنی کے سی ای او جیک ڈورسی نے بلاک چین ٹیکنالوجی کی دنیا میں قدم رکھ دیا ۔
بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق سکوائر ان کارپوریٹ (Square inc.) اپنا کار پوریٹ نام تبدیل کر کے بلاک ان کارپوریٹ (Block inc.)رکھ رہا ہے جو اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ کمپنی اپنی بنیادی فروخت سے آگے بڑھ کر موسیقی ،نقد رقم کی منتقلی اور بلاک چین جیسے کاروباروں میں آگے بڑھنا چاہتی ہے ۔
کمپنی کے بانی رکن اور سی ای او جیک ڈورسی کرپٹو کرنسی کے شوقین سمجھے جاتے ہیں ،کمپنی اپنی پہلے سے فروخت ہونے والی مصنوعات کو سکوائر کے نام سے ہی مارکیٹ میں بیچے گی جبکہ نئی کارپوریٹ شناخت کی وجہ سے ادارہ جاتی تبدیلیاں بھی نہیں کی جائیں گی ۔سکوائر کمپنی کے سی ای او نے ایک ہفتے پہلے معروف سوشل میڈ یا سائٹ ٹوئٹر کے سی ای او کے طور پر استعفیٰ دیا تھا۔جیک ڈورسی کافی عرصہ سے سکوائر کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کی کمپنی سے آگے نکل کر ایک بڑی آرگنائزیشن بنانا چاہتے ہیں جس کے تحت مختلف کاروباری یونٹس کام کریں ۔سکوائر نے حال ہی میں معروف گلو کار جے زی کی سربراہی میں چلنے والی میوزک سٹریمنگ سروس(Tidal)حاصل کرلی ہے۔
جیک ڈورسی نے کہا کہ ہم نے سکوائر برانڈ اپنے سیلر بزنس کے لیے بنا یا تھا ،بلاک ایک نیا نام ہے لیکن ہمارامعاشی خود مختاری سے متعلق مقصدوہی ہے ،ہم ایسے معیشت تک رسائی کے طریقہ کار بناتے رہیں گے ۔جیک ڈورسی کو فالو کرنے والے جانتے ہیں ،سکوائر کا نام تبدیل کر کے بلاک رکھنا درا صل بلاک چین ٹیکنالوجی کی دنیا میں پہلا قدم ہے ،جیک ڈورسی بٹ کوائن کے حق میں ہیں اور اکثر ہی کرپٹو کرنسی اور بلاک چین ٹیکنالو جی سے متعلق ٹوئٹس کرتے رہتے ہیں ۔سکوائر کرپٹو پراجیکٹ اب سپائرل کہلا یا جائے گا ۔جیک ڈورسی کی اس نئے کاروبار میں آمد سے ڈیجیٹل کرنسی اور بلاک چین کو مزید شہرت ملے گی ۔