"بیوی سے کہتا ہوں طلاق یافتہ عورتوں سے دوستی نہ کرےاور کچھ دن خود کو میری غلام سمجھو " ، خلیل الرحمان قمر
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستانی معروف مصنف خلیل الرحمان قمر کا کہنا ہے کہ "وہ اپنی اہلیہ کو کہتے ہیں کہ" سال بھر حکم چلاؤ لیکن کچھ دن خود کو میرا غلام بھی سمجھو".
تفصیلا ت کے مطابق معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے ایک ٹاک شو کے دوران ہراسانی ، طلاق یافتہ خواتین اور شادی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔خلیل الرحمان قمر نے ہراسانی کے سوال پر کہا کہ" اگر ایک لڑکی کسی لڑکے کو پسند کرتی ہے اور وہ اسے گھورتا ہے تو یہ ہراسانی نہیں لیکن اگر ایک لڑکی کو ایسا لڑکا گھورتا ہے جسے وہ پسند نہیں کرتی تو یہ ہراسانی ہے، یہ بالکل فضول بات ہے "۔شادی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ "ان کےشادی شدہ جوڑوں کیلئے 3 مشورے ہیں اور ان پر وہ خود بھی سختی سے عمل کرتے ہیں"۔
انہوں نے کہا کہ "میں ہمیشہ اپنی بیوی سے کہتا ہوں کہ وہ ابھی نادان ہے، اس لیے اسے کسی ایسی عورت سے دوستی نہیں کرنی چاہیے جس کا بریک اپ یا طلاق ہوئی ہو. اس کا مطلب یہ نہیں کہ طلاق یافتہ خواتین بُری عورتیں ہوتی ہیں۔ مگر طلاق یافتہ عورتیں آپ کی خوشی میں کبھی خوش ہو ہی نہیں ہوسکتیں، کیونکہ جو آپ کے پاس ہے وہ انہیں کھوچکی ہیں. یہ انسانی فطرت ہے"۔
خلیل الرحمان قمر نے دوسرا مشورہ بتایا کہ "وہ اپنی بیوی سے کہتے ہیں پورا سال حکومت کرو لیکن چار سے پانچ دن میری غلام بن کے رہو ،تاکہ میں بھی اپنی انا کی تسکین کر سکوں اور خود کو غالب آدمی کی طرح محسوس کرسکوں"۔
خلیل الرحمان نے کہا کہ "شادی کے بعد مرد اپنی دلہن کو ہمیشہ یہ کہتا ہے کہ میری ماں کی عزت کرنا۔ ایسا کیوں؟ کیا آپ کی والدہ پہلے سے ہی عزت کی مستحق نہیں جو آپ بیوی سے یہ کہہ رہے ہوتے ہیں ؟"