راولپنڈی ٹیسٹ، انگلینڈ کے 657رنز کے جواب میں پاکستان نے بغیر وکٹ گنوائے 181رنز بنا لیے

راولپنڈی ٹیسٹ، انگلینڈ کے 657رنز کے جواب میں پاکستان نے بغیر وکٹ گنوائے 181رنز ...
راولپنڈی ٹیسٹ، انگلینڈ کے 657رنز کے جواب میں پاکستان نے بغیر وکٹ گنوائے 181رنز بنا لیے

  

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے انگلینڈ کے 657 رنز کے جواب میں بغیر کسی نقصان کے 181 رنز بنالیے ہیں۔پاکستان کی جانب سے امام الحق اور عبداللّٰہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں کھلاڑیوں نے 51 اوورز کے کھیل میں انگلش بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔امام الحق نے 148 گیندوں پر 90 رنز بنالیے ہیں، انہوں نے مجموعی طور 14 بار گیند کو باؤنڈی کے باہر کا راستہ دکھایا، جس میں ایک چھکا بھی شامل ہے۔عبداللہ شفیق 158 گیندوں پر 89 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں، انہوں نے 12 بار گیندوں باؤنڈری کے باہر پھینکا، اُن کی اننگز میں 2 چھکے بھی شامل ہیں۔

اس سے قبل انگلینڈ نے دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 506 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔فاسٹ باولر نسیم شاہ نے دن کے آغاز پر ہی انگلش کپتان بین سٹوکس کو 41 رنز پر بولڈ کر کے انگلینڈ کا پانچواں کھلاڑی واپس پویلین بھیجا۔انگلینڈ کی چھٹی وکٹ 539 رنز پر گری، جب لیام لیونگسٹن کو نسیم شاہ نے 9 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔انگلش ٹیم کی ساتویں وکٹ بھی نسیم شاہ نے حاصل کی جب 576 رنز پر انہوں نے ہیری بروک کو 153 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی آٹھویں وکٹ 641 رنز پر گری جب ول جیکس کو 30 رنز پر محمد علی نے آؤٹ کیا۔انگلینڈ کی آخری دو وکٹس زاہد محمود نے حاصل کیں۔پہلی اننگز میں زاہد محمود 4، نسیم شاہ 3، محمد علی2 اور حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔مجموعی طور پر انگلش کھلاڑیوں نے پہلی اننگز میں 101 اوورز بیٹنگ کی جس میں انہوں نے 86 چوکے اور 9 چھکے لگائے۔

انگلش بیٹر ہیری بروک 153 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ زیک کراؤلی 122، اولی پوپ 108 اور بین ڈیکٹ نے 107 رنز بنائے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں یہ انگلینڈ کا پاکستان کے خلاف سب سے بڑا اسکور ہے، مہمان ٹیم نے 398 رنز صرف چوکے اور چھکوں سے بنائے۔

راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ نے 6.50 کی اوسط سے رنز بنائے۔

مزید :

کھیل -