سٹیٹ بینک میں ڈیپازٹ کی مدت بڑھانے پر شکریہ ، حافظ طاہر اشرفی کا خادم الحرمین شریفین اور ولی عہد کیلئے پیغام

سٹیٹ بینک میں ڈیپازٹ کی مدت بڑھانے پر شکریہ ، حافظ طاہر اشرفی کا خادم ...
 سٹیٹ بینک میں ڈیپازٹ کی مدت بڑھانے پر شکریہ ، حافظ طاہر اشرفی کا خادم الحرمین شریفین اور ولی عہد کیلئے پیغام

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور  ولی عہدمحمد بن سلمان کی طرف سے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کی طرف سے پاکستان کے سٹیٹ بینک میں موجود ڈیپازٹ کی مدت بڑھانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دو بھائیوں کے ہیں۔مملکت سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے ہم اس تعاون پر سعودی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور سعودی عرب کا موجودہ حالات میں پاکستان کے ساتھ تعاون پاکستان کی قیادت اور عوام کے ساتھ محبت اور اعتماد کا اظہار ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں کے نتیجے  میں یہ بات واضح ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تعاون آئندہ ایام میں مزید بڑھے گا اور اسی طرح دیگر اسلامی ممالک بھی پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون میں اضافہ کر رہے ہیں ۔ متحدہ عرب امارات، قطر ، ترکی ،سعودی عرب کی طرف سے ان شاء اللہ مستقبل قریب میں بہت اچھی خبریں آنے والی ہیں۔

حافظ طاہر اشرفی  نے کہا کہ ملک میں اندرونی سیاسی استحکام پاکستان کی اقتصادی ، معاشی اور معاشرتی اقدار کی صورتحال کی بہتری کیلئے بہت ضروری ہے اور اس سلسلے  میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو میثاق پاکستان کی طرف جانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ تعاون ہمیشہ رہا ہے اور پاکستانی قوم ، حکومت اور علماء و مشائخ اس پر سعودی عرب کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -