لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پنجاب حکومت نے سموگ کنٹرول اقدامات کے پیش نظر بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سموگ کے پیش نظر تیس سال سے زائد عمر کی گاڑیوں کو اکتوبر تا جنوری لاہور میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ ہی موٹروے پر سفر کر سکیں گی، ایم ٹیگ حاصل کرنے کے لئے اب گاڑی کی رجسٹریشن بک اور لائسنس کے ساتھ گاڑی کا فٹنس سرٹیفکیٹ بھی دکھانا ہوگا۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا ہے کہ جس طرح کے سموگ زدہ حالات سے ہم گزرے اسے دیکھتے ہوئے یہ شرط رکھی گئی ہے، ہم نے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کو بھی خط لکھا ہے جس میں سرکاری گاڑیوں کی تفصیلات طلب کی ہیں۔
بلال اکبر خان نے مزید کہا کہ سب سے پہلے فٹنس سرٹیفکیٹ کا اطلاق سرکاری گاڑیوں پر لاگو کروا رہے ہیں، یہ ممکن نہیں کہ لوگوں کو روکیں اور سرکار سوئی رہے، صرف بڑی کمرشل نہیں پرائیویٹ گاڑیوں پر بھی یہ احکامات لاگو ہوں گے۔