لاہور(خصوصی رپورٹ ) بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے والوں کی باری آ گئی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے پنجاب آرمز آرڈنینس 1965میں متعدد ترامیم کے لئے بل کا حتمی مسودہ تیار کرلیاہے جس میں پہلی مرتبہ غیر قانونی اسلحہ رکھنا ناقابل ضمانت جرم ہوگا جبکہ اس کے علاوہ سخت سزائیں اور بڑے جرمانے تجویز کئے گئے ہیں ۔ ’’پنجاب آرمز (ترمیمی ) ایکٹ 2024 ‘‘ کو جلد منظوری کے لئے کابینہ میں پیش کردیا جائیگا۔
’’جنگ‘‘ کو ملنے والی ’’پنجاب آرمز (ترمیمی ) ایکٹ 2024 ‘‘کی تفصیلات کے مطابق ہر قسم کا بغیر لائسنس اسلحہ رکھنا ناقابل ضمانت جرم ہوگا۔ ترمیمی ایکٹ کے مطابق بغیر لائسنس کے غیر ممنوعہ بور(پسٹل وغیرہ) اور اسکی گولیاں رکھنا ناقابل ضمانت جرم ہوگا جس کی سزا کم از کم3 سال اور زیادہ سے زیادہ 5 سال اور کم از کم 10 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا جبکہ جرمانہ ادا کرنے کی صورت میں 6ماہ مزید قید کاٹنا ہوگی۔