ڈان بریڈ مین کی ٹوپی اتنی مہنگی فروخت ہونے کی توقع کہ یقین نہ آئے

Dec 02, 2024 | 07:13 PM

 سڈنی (ڈیلی پاکستان آن لائن)آسٹریلیا کے عظیم بلے باز ڈان بریڈمین کی پہنی ہوئی ٹوپی (بیگی گرین) منگل کو سڈنی میں نیلام کی جائے گی، اور توقع ہے کہ یہ پرانی ٹوپی دو لاکھ 60 ہزار امریکی ڈالر (تقریباً سات کروڑ 22 لاکھ روپے) تک قیمت حاصل کرے گی۔ بریڈمین نے یہ اونی ٹوپی 1947-48 میں بھارت کے دورۂ آسٹریلیا کے دوران پہنی تھی۔ آزادی کے بعد یہ بھارت کی پہلی غیر ملکی ٹیسٹ سیریز تھی۔ 

نیلامی ہاؤس بونہیمز نے کہا ہے کہ یہ "واحد معلوم بیگی گرین" ہے جو بریڈمین نے اپنی سب سے کامیاب سیریز میں سے ایک کے دوران پہنی۔ بریڈمین نے مہمان ٹیم کے خلاف چھ اننگز میں 178.75 کی اوسط سے 715 رنز بنائے تھے۔ انہوں نے اس سیریز میں تین سنچریاں اور ایک ڈبل سنچری سکور کی تھی ۔ آسٹریلیا کے ان ٹیسٹ کرکٹرز کو یہ گہرے سبز رنگ کی ٹوپیاں دی جاتی ہیں جو عوام اور کرکٹ ماہرین کی نظر میں مقبول ہوتے ہیں۔

کافی حد تک دھندلاہٹ، حشرات کے نقصان کے آثار اور پھٹی ہوئی ہونے کے باوجود نیلامی گھر کو توقع ہے کہ یہ ٹوپی ایک لاکھ 95 ہزار سے دو لاکھ 60 ہزار ڈالر تک میں نیلام ہوسکتی ہے۔ ڈان بریڈ مین کرکٹ کی تاریخ کے سب سے کامیاب بلے باز ہیں جن کی 99.94 رنز کی اوسط کے قریب بھی آج تک کوئی نہیں پہنچ پایا۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق 2020 میں بھی ڈان بریڈ مین کی ایک ٹوپی نیلام کی گئی تھی۔ انہوں نے یہ ٹوپی 1928 میں اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کے دوران پہنی تھی اور یہ دو لاکھ 90 ہزار ڈالر میں نیلام ہوئی تھی ۔ ایک اور آسٹریلوی لیجنڈ شین وارن نے 2020 میں اپنی ٹوپی نیلامی کیلئے پیش کی تو وہ ساڑھے چھ لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی تھی ۔ انہوں نے یہ رقم آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے متاثر ہونے والے افراد کی مدد کیلئے وقف کی تھی۔

مزیدخبریں