نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھلاڑیوں کا کڑا امتحان ہو گا‘دھونی
ویلنگٹن (اے پی پی) بھارتی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز مہندرا سنگھ دھونی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد ٹیسٹ سیریز کھلاڑیوں کیلئے چیلنجنگ ہو گی۔ ون ڈے سیریز میں کھلاڑی اپنی کارکردگی میں بہتری لانے میں مکمل طور پر ناکام رہے جس کی وجہ سے ہمیں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی ٹیم کو ون ڈے سیریز میں کیوی ٹیم کے ہاتھوں 4-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کیوی ٹیم پوری سیریز میں ہم سے زیادہ اچھا کھیلی اسلئے وہ جیت کی حقدار تھی، ہماری ٹیم کے کھلاڑی بلے اور گیند کے ساتھ عمدہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے جو کہ مایوس کن بات ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ ون ڈے سیریز میں شکست کو بھلا کر تمام تر توجہ ٹیسٹ سیریز پر مرکوز رکھیں اور اپنے کھیل میں بہتری لانے کی کوشش کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیم کے ٹیلنٹ میں کمی نہیں، انہی کھلاڑیوں نے ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی سمیت اہم آئی سی سی ایونٹس جتوائے تاہم کیوی ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں کارکردگی مایوس کن رہی، کیوی ٹیم ٹیسٹ کی بھی اچھی ٹیم ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ اس کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہمارے کھلاڑیوں کیلئے بڑا امتحان ہو گا۔
