لیجنڈ باکسر محمد علی نے کبھی آٹوگراف دینے سے انکار نہیں کیا،اس رویے کے پیچھے چھپی انتہائی دلچسپ کہانی
واشنگٹن (نیوز ڈیسک) باکسنگ کے ناقابل شکست چیمپیئن اور بیسویں صدی کے عظیم ترین کھلاڑی کا اعزاز پانے والے محمد علی اپنے مزاج کے انکسار اور سادگی کی وجہ سے بھی دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں۔ آج کے دور میں معمولی شہرت رکھنے والے کھلاڑیوں کے بھی مزاج نہیں ملتے مگر عالمی چیمپیئن محمد علی وہ شخصیت ہیں کہ جنہوں نے آج تک کسی آٹو گراف مانگنے والے کو انکار نہیں کیا چاہے وہ جتنی بھی جلدی میں ہوں۔ محمد علی کہتے ہیں کہ جب وہ ایک نوعمر لڑکے تھے تو رے روبنسن ان کے پسندیدہ باکسر تھے۔
مزید پڑھیں :سپنوں کا شہزادہ نہ ملنے پر امریکی خاتون کی انوکھی شادی،قانون ہاتھ میں لے لیا
ایک دن وہ بڑی مشکل سے روبنسن تک پہنچے اور آٹو گراف مانگا مگر روبنسن نے انہیں بدتمیزی سے جواب دیا کہ ’’میرے پاس وقت نہیں‘‘ اور سیدھے چلے گئے۔ محمد علی کہتے ہیں کہ انہیں ساری عمر یاد رہا کہ روبنسن کا جواب ان کیلئے کتنا تکلیف دہ تھا اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے عہد کرلیا کہ وہ کبھی کسی کو انکار نہیں کریں گے اور اس عہد پر وہ ہمیشہ قائم رہے۔ انہوں نے تو ایک خصوصی پی او باکس نمبر بھی آٹو گراف کیلئے وقف کررکھا ہے تاکہ کوئی بھی کسی بھی وقت ان سے آٹو گراف لے سکے۔