ٹیلی کام شعبہ نے ’’ بائیو میٹرک سمز ری ویری فیکیشن ‘‘ پراڑھائی ارب خرچ کیے
اسلام آباد (اے پی پی) ٹیلی کام کے شعبہ نے وسط اپریل تک موبائل فونز سمز کی تصدیق کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے ’’ بائیو میٹرک سمز ری ویری فیکیشن ‘‘ پر 2ارب 50کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔ ٹیلی نار پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسرملائیکل پیٹرک فولے نے کہا ہے کہ ٹیکی کام کے شعبہ کو سمز کی تصدیق کیلئے نوے دن کا ہدف دیا گیا ہے اور سانحہ پشاور کے بعد اس کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے اور ہم وسط اپریل تک سمز کی تصدیق کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موبائل آپریٹرز کی کاروباری سماجی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے صارفین کی تصدیق کے عمل کو یقینی بنائیں۔ سی ای او نے کہا کہ ٹیلی نار نے اپنے 37ملین صارفین کی تصدیق کیلئے ملک بھر میں ہزار سے زائد بی وی ایس مشینیں نصب کی ہیں تاکہ تصدیق کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جا سکے ۔