نیشنل بنک آف پاکستان نے چیف آف آرمی سٹاف چیلنج ہاکی کپ جیت لیا

نیشنل بنک آف پاکستان نے چیف آف آرمی سٹاف چیلنج ہاکی کپ جیت لیا

  

vلاہور( سپورٹس رپورٹر) نیشنل بینک آف پاکستان نے چیف آف آرمی سٹاف چیلنج ہاکی کپ جیت لیا۔ فائنل میں نیشنل بینک نے پی آئی اے کو 2-0 سے شکست دی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر چوہدری اختر رسول اور سیکرٹری رانا مجاہد کے ہمراہ دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل میچ دیکھا۔ اتوار کو آرمی ہاکی سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں نیشنل بینک آف پاکستان کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کے پہلے ہاف کے 13ویں منٹ میں پی آئی اے کے خلاف 2 گول کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ نیشنل بینک آف پاکستان کی جانب سے میچ کے پہلے ہاف کے تیسرے منٹ میں علی شان نے پینلٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کو پہلی برتری دلا دی۔ اس طرح پہلے ہاف کے دسویں منٹ میں کپتان توفیق احمد نے گول کر کے اپنی ٹیم کو 2-0 سے کامیابی دلا دی جو کہ آخر تک برقرار رہی۔ پی آئی اے کی ٹیم نے میچ کو برابر کرنے کیلئے بڑی کوشش کی لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ میچ میں پی آئی اے کو 11 جبکہ نیشنل بینک کو 4 پینلٹی کارنرز ملے۔ میچ کے اختتام پر چیف آف آرمی سٹاف نے نیشنل بینک آف پاکستان، پی آئی اے اور پاکستان کے آرمی کے کھلاڑیوں میں میڈلز اور کیش انعامات تقسیم کئے۔ ایونٹ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم نیشنل بینک کو 10 لاکھ، رنر اپ پی آئی اے کو 7 لاکھ جبکہ ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم پاکستان آرمی کو 5 لاکھ روپے کی نقد انعامی رقم تقسیم کی۔ ایونٹ میں سب سے زیادہ گول سکور کرنے والے پاکستان آرمی کے محمد عمران کو 9 گول سکور کرنے پر بہترین سکورر کا ایوارڈ دیا گیا۔ پی آئی اے کے عمران بٹ بہترین گول کیپر جبکہ پاکستان آرمی کے رضوان سینئر کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دریں اثناء چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے پاکستان ہاکی کی بحالی کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کی بحالی کیلئے تمام کوششوں کی حمایت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی ہاکی کے سنہری دن بہت جلد واپس آ جائیں گے اور پاکستان کو عالمی سطح پر کھیلوں سے محبت رکھنے والے ملک کے طور پر متعارف کرایا جائے گا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -