بورڈ اور کرکٹرز کے درمیان سنٹرل کنٹریکٹ تنازع حل ہو گیا

بورڈ اور کرکٹرز کے درمیان سنٹرل کنٹریکٹ تنازع حل ہو گیا

  

لاہور( سپورٹس رپورٹر) بورڈاور قومی کرکٹرزکے درمیان جاری سنٹرل کنٹریکٹ تنازع بالآخر حل ہوگیا،کھلاڑی اپنے مطالبات منوانے میں کامیاب، کرکٹرزکو وطن واپسی پر12ماہ کے نئے معاہدے کی یقین دہانی کرادی گئی ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹرزکو وطن واپسی پرتین ماہ کے بجائے 12ماہ کے نئے معاہدے کی یقین دہانی کرادی گئی ہے۔ یاد رہے کہ ورلڈ کپ کیلئے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا روانہ ہونے والے کھلاڑیوں نے تین ماہ کے معاہدوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا اور یہ مسئلہ قومی ٹیم کی کارکردگی پر بھی اثر انداز ہو رہا تھا جبکہ عوامی حلقوں کے ساتھ ہی سابق ٹیسٹ کھلاڑیوں کی جانب سے بھی اس معاملے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیوزی لینڈ میں موجود قومی ٹیم کے کھلاڑی زبانی طور پر ورلڈ کپ کے بعد نئے معاہدوں کیلئے رضامند ہوگئے ہیں جنہیں تین ماہ کے معاہدوں پر بھی دستخط کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تنازع کا حل نکالتے ہوئے کھلاڑیوں کو یقین دہانی کرادی ہے کہ انہیں ورلڈ کپ کے بعد وطن واپسی پر بارہ ماہ کے نئے معاہدے جاری کر دیئے جائیں گے جن کا اطلاق یکم جنوری2015ء سے ہوگا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -