دہشتگرد تنظیم داعش نے دوسرے جاپانی مغوی کا بھی سر قلم کر دیا

دہشتگرد تنظیم داعش نے دوسرے جاپانی مغوی کا بھی سر قلم کر دیا

  

بغداد/ٹوکیو(اے این این)دہشتگرد تنظیم دولت اسلامیہ نے دوسرے جاپانی مغوی کینجی گوٹو کابھی سر قلم کر دیا ، جاپانی وزیراعظم شینزوابے کی شہری کی ہلاکت کی شدید مذمت ، قاتلوں کو عالمی برادری کے تعاون سے انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم ۔ غیرملکی میڈیاکے مطابق شام اور عراق میں سرگرم شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے ایک ویڈیو جاری کی ہے ۔ ویڈیو میں جاپانی کے دوسری مغوی شہری 47 سالہ صحافی کینجی گوٹو کا سر قلم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔جاپان کے وزیراعظم شینزوابے نے شہری کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کے تعاون سے بے گناہ جاپانی شہری کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رکھنے کاعزم کر رکھا ہے دہشتگردوں کے سامنے کسی صورت سر نہیں جھکائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں عالمی برادری کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے دولت اسلامیہ نے اردن کے پائلٹ معاذ اور کینجی کی ہلاکت کا الٹی میٹیم دیا تھا اور پائلٹ کے بدلے اپنی جنگجو خاتون کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم ابھی تک اردن کے پائلٹ کے زندہ ہونے یا قتل کیے جانے کے کوئی ثبوت نہیں دیئے گئے ۔ شدت پسند تنظیم ساجدہ الریشاوی نامی جس خاتون کی رہائی کا مطالبہ کر رہی ہے وہ القاعدہ کی جنگجو ہیں جنھیں اردن میں 2005 میں ایک حملے کا مجرم پایا گیا تھا جس میں 60 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مزید :

عالمی منظر -