یوم یکجہتی کشمیر پورے عزم و ہمت سے منایا جائے گا،لیاقت بلوچ

یوم یکجہتی کشمیر پورے عزم و ہمت سے منایا جائے گا،لیاقت بلوچ

  

لاہور(اے این این ) جماعت اسلامی پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ5فروری کو پورے پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر پورے عزم و ہمت سے منایا جائے گا۔علماء مشائخ ،دینی ،سیاسی اور سماجی قیادت عوامی ریلیوں کی قیادت کریں گے۔بھارت میں امریکہ کے صدر کے دورہ کے نتیجہ میں پورا خطہ طاقت کے عدم توازن کا شکار ہوا ہے ۔5فروری قومی اتحاد کا مظہر ہوگا۔ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر شان و شوکت سے منانے کے لیے تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم ٹاؤن میں اپنی رہائش گاہ پر علما اور مشائخ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر احمد سلمان بلوچ اور مولانا مختاراحمد سواتی بھی موجود تھے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ مساجد و مدارس اسلامیان پاکستان کی عبادات اور دینی علم کے حصول کا مرکز ہیں ،۔ہر صاحب ایمان پاکستان کے اسلامی نظریاتی محاذ کی حفاظت کرے گااور مساجد ومدارس کی سلامتی کے لیے ہر قربانی دی جائے گی ۔سیکولر سازشوں کو علماء اور تمام مسالک کے اکابرین باہمی اتحاد سے ناکام بنا دیں گے۔شکار پور سندھ میں امام بارگاہ میں نمازیوں پر دہشت گردی سانحہ پشاور کی طرح بڑا المیہ ہے ۔اسلام اور پاکستان دشمن قوتیں انسانوں کو ہدف بنا کہ قومی سلامتی کو نقصان پہنچا رہی ہیں ۔سانحہ شکار پور فرقہ واریت نہیں دہشت گردی ہے ۔

مزید :

صفحہ آخر -