تحریک انصا ف کی سیاست کا طریقہ کا ر درست نہیں،جاوید ہاشمی

تحریک انصا ف کی سیاست کا طریقہ کا ر درست نہیں،جاوید ہاشمی

  

ملتان (آئی این پی) تحریک انصاف و مسلم لیگ(ن) کے سابق مرکزی رہنماء مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ میری سیاست پاکستان کی سیاست ہے کہا تھا کہ تحریک انصاف کی سیاست ناکام ہو گی، میں نے عرصہ پہلے جو بات کہی تھی اب اس بات کی سچائی سب کے سامنے آ رہی ہے جبکہ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے حکومت کے خلاف دوبارہ سے جدوجہد کا آغاز کرنا ہو گا،سانحہ پشاور کے بعد سانحہ شکارپور حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،گیلانی اپنی قیادت کو فرینڈلی اپوزیشن کے حوالے سے سمجھائیں۔ اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ تحریک انصاف کا سیاست کرنے کا طریقہ کار درست نہیں،تحریک انصاف کی سیاست کا مقصد یہ تھا کہ جمہوری نظام کو ختم کر کے اقتدار آمریت کے ہاتھوں میں سونپ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا حل پارلیمنٹ کے پاس ہے اور تحریک انصاف کو پارلیمنٹ میں آنا ہی ہو گا، عوام نے تحریک انصاف کی سیاست کو مسترد کر دیاہے،میری بہت پہلے کی کہی ہوئی بات سچ ثابت ہو رہی ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اپوزیشن نہیں فرینڈلی اپوزیشن کر رہی ہے، گیلانی سے درخواست ہے کہ وہ اپنی قیادت کو فرینڈلی اپوزیشن کے حوالے سے سمجھائیں،سانحہ پشاور کے بعد سانحہ شکارپور حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھا رہی،حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس لگا کر غریب عوام پر اور بم گرا دیا ہے ، عوام کا خون چوسا جا رہا ہے،حکمران اپنی عیاشیوں پر ٹیکس کا پیسہ خرچ کر رہے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -