پٹرول کی نئی قیمتوں اور ٹرانسپورٹ کرایوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے ، بلال یاسین

پٹرول کی نئی قیمتوں اور ٹرانسپورٹ کرایوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے ، بلال ...

 لاہور(پ ر)صوبائی وزیر خوراک وچیئرمین کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی بلال یاسین نے کہا کہ حکومت پنجاب پٹرول کی قیمتوں میں کمی کرنے کی بناء پر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے فیصلے پر 100 فیصد عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے جس کا مقصد عام مسافروں کو فائدہ پہنچانا ہے ۔ اس سے طالب علموں کو بھی معاشی معاونت ملی ہے اور اس اقدام کا عوام کے ہر حلقے میں بھرپور خیرمقدم کیا گیا ہے۔یہ بات انہوں نے سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق،ممبر صوبائی اسمبلی محمد رفیع راجواڑہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سیکرٹریز خوراک ،صنعت ، ہیلتھ، زراعت، لائیوسٹاک، انفارمیشن اور ڈائریکٹرفوڈ بھی موجود تھے ۔اجلاس کو بتایاگیاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک پہنچانے کیلئے صوبہ بھر میں 100 فیصد عمل درآمد کیلئے خصوصی سکواڈز کی جانب سے چیکنگ کا عمل جاری ہے ۔ اس ضمن میں تمام اضلاع کے بس اڈوں پر نئے کرایوں کے بینرز ، پینافلیکس لگا دیئے گئے ہیں ۔ اجلاس میں ڈی سی او لاہور نے بتایا کہ پٹرول کی قیمتو ں میں کمی پر فوری طور پر انسپکشن کے دوران گذشتہ شب اوور چارجنگ کرنے والے 139 پٹرول پمپس کو 3 لاکھ 98 ہزار جرمانہ ، 20 کے خلاف ایف آئی آر جبکہ 20 کو گرفتار کیاگیا اور 6 پٹرول پمپس کو سیل کیاگیا ۔ سیکرٹری صنعت نے اجلاس کو بتایا کہ گذشتہ ماہ 17 ہزار 9 سو 4 گراں فروشوں کے خلاف ایکشن لیاگیا اور ایک کروڑ97 لاکھ 55 ہزار 7 سو 6 روپے جرمانہ جبکہ 862 کو گرفتار کیاگیا ۔ انہو ں نے بتایاکہ گذشتہ سال کی نسبت خوردونوش اشیاء کی قیمتوں میں 11 فیصد کمی ہوئی ہے اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی سے خوردونش اشیاء کی قیمتوں میں مزید کمی متوقع ہے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی پر حکومتی اقدامات اور اس کے عوام پر پڑنے والے اثرات بارے اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی بروقت کی ہے اور عام آدمی کو بھرپور فائدہ پہنچا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ حکومت نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کرکے جمہوری قیادت ہونے کا ثبوت دیا ہے جس سے یہ بات ایک بار پھر واضح ہوگئی ہے کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور وہ لوگوں کی فلاح پر مکمل یقین رکھتی ہے ۔

مزید : علاقائی