مری قبائل کے 12مفروروں نے ’’سپیشل حکومتی پیکج‘‘کے تحت ہتھیار ڈال دیئے

مری قبائل کے 12مفروروں نے ’’سپیشل حکومتی پیکج‘‘کے تحت ہتھیار ڈال دیئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کوئٹہ(اے این این)کوہلو میں مری قبائل سے تعلق رکھنے والے 12مفرور وں نے عام معافی کے اعلان اور سپیشل حکومتی پیکیج کے تحت ہتھیار ڈالے دیئے ، خود کو قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے حوالے کردیا جبکہ آئی جی ایف سی میجر جنرل محمد اعجاز شاہد کہا ہے کہ ہتھیار ڈالنے والوں نے محب وطن ہونے کا ثبوت دیا ، ہم ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے ،امن پسند شہری بننے کیلئے ان کو بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق ضلع کوہلومیں مری قبائل کی ذیلی شاخوں سے تعلق رکھنے والے 12مفرورفراریوں نے صوبائی وزیرنوابزادہ چنگیزمری اورکمانڈنٹ میوندرائفلزکرنل مسرورالرحمن کی موجودگی میں ہتھیار ڈال کرخودکو قانون کے حوالے کیا۔اس موقع پر ہتھیارڈالنے والے فراریوں نے پُرامن شہری کی طرح زندگی گزارنے ، ملک دشمن عناصرکاساتھ نہ دینے اور آئندہ محب وطن بننے کا عہدکیا۔دریں اثناء فراریوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے عام معافی کے اعلان اور ہتھیار ڈالنے والے فراریوں کو اسپیشل پیکج دینے پرخیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ کبھی ملک دشمن عناصرکا ساتھ نہیں دینگے اور محب وطن شہری بن کرعام آدمی کی طرح پُرامن زندگی گزاریں گے۔واضح رہے کہ ہتھیارڈالنے والے فراری اوران کے کمانڈر بیرون ملک مقیم پیسوں کی خاطربیرونی ایجنڈے پرعمل پیر ا لیڈروں کے احکامات پر فورسزپر حملوں،پائپ لائنوں کو اُڑانے اور سول آبادی کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل محمد اعجاز شاہدنے ہتھیار ڈالنے والے فراریوں کے اس اقدام کوسراہتے ہوئے ان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جوبھی فراری ہتھیارڈال کرمحب وطن ہونے کا ثبوت دے گاہم ان کے ساتھ ہیں اوران کو ایک امن پسند شہری کی طرح زندگی گزارنے کے بھرپورمواقع فراہم کیئے جائیں گے ۔اُنہو ں نے فراریوں کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہاکہ صوبے کے حالات تیزی سے امن کی طرف گامزن ہیں۔فرنٹیئرکوربلوچستان اور دیگر حکومتی اداروں کی بہترمخلصانہ پالیسیوں کی وجہ سے ہی بھٹکے ہوئے لوگ پہاڑوں سے واپس آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فراریوں کے ہتھیارڈالنے سے دوسرے پہاڑوں پر رہنے والے فراریوں کیلئے ایک مثبت پیغام ہے۔

مزید :

علاقائی -